سمہا چلم میں دیوار منہدم ہونے سے آٹھ افراد کی ہلاکت

   

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم کے سمہا چلم میں دیوار گرنے سے آٹھ افراد ہلاک ہوگئے اور کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق سمہاچلم کے مشہور مندر سری وراہا لکشمی نرسمہا سوامی میں سالانہ چندا نوٹم تہوار کے لیے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند درشن کے لیے آئے ہوئے تھے کہ چہارشنبہ کی صبح عقیدت مند 300 روپئے والے ٹکٹ کے لیے قطار میں کھڑے تھے کہ نو تعمیر شدہ دیوار عقیدت مندوں پر گر گئی جس کے نتیجہ میں پانچ خواتین سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوگئے اور کئی وزراء زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ مقام پر پہنچ گئی اور راحت کاری کا کام شروع کردیا اور ملبہ سے نعشیں نکالی گئی اور زخمیوں کو فوراً مقامی دواخانہ میں منتقل کردیا گیا ۔ آندھرا پردیش کی وزیر داخلہ وی انیتا نے دورہ کرتے ہوئے امدادی کاموں کی نگرانی کی ۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ منگل کی رات بارش ہونے کی وجہ سے دیوار کمزور ہوگئی تھی اور چہارشنبہ کی صبح عقیدت مندوں پر گر گئی ۔ اے پی چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس واقعہ پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر طبی امداد پہنچائی جائے اور انہوں نے تیقن دیا کہ متاثرین کے خاندان کو ضروری امداد پہنچائی جائے گی ۔ تلنگانہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بھی اس واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔۔ ش