سمیتا سبھروال کے پوسٹ پر قانون کے مطابق کارروائی: سریدھر بابو

   

سپریم کورٹ کے احکامات پر حکومت عمل کرے گی
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ کنچہ گچی باؤلی اراضی معاملہ میں سپریم کورٹ کے احکامات کی حکومت بہرصورت تعمیل کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اراضی سے متعلق جو تفصیلات پیش کی گئی ہیں اس سے عدالت نے متاثر ہوتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت کو سپریم کورٹ پر مکمل بھروسہ ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ اراضی کے مسئلہ پر ریکارڈ کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فرضی ویڈیوز اور تصاویر تیار کی گئیں جو ہر کسی ادارہ پر اثر انداز ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی آرٹیفیشل انٹلیجنس سے تیار کی گئی ویڈیوز اور تصاویر کے بارے میں اظہار خیال کررہا ہے جبکہ اراضی کی ملکیت کا معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت میں زیر دوران معاملہ پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گی۔ آئی اے ایس عہدیدار سمیتا سبھروال کی جانب سے سوشیل میڈیا میں کئے گئے پوسٹ سے متعلق سوال پر سریدھر بابو نے کہا کہ سمیتا سبھروال کے پوسٹ پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی علاقے میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کی موجودگی فطری ہے۔ سوشیل میڈیا میں حکومت کے مخالفین فرضی ویڈیوز کے ساتھ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس حکومت کے خلاف متحدہ طور پر مہم چلارہے ہیں۔ بی جے پی قائدین کی جانب سے دی گئی گمراہ کن معلومات کی بنیاد پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اراضی کے بارے میں اظہار خیال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت پوری طرح مستحکم ہے اور کوئی بھی طاقت اسے غیر مستحکم نہیں کرسکتی۔1