نارائن پیٹ میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے اسٹاف کے تربیتی پروگرام کا انعقاد
نارائن پیٹ۔ 2؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ اقلیتی اقامتی اسکول، نارائن پیٹ میں چار روزہ تربیتی پروگرام برائے پکوان عملہ، وارڈن، اسٹاف نرسس اور پرنسپلوں کو ٹریننگ دی گئی۔ اس تربیتی پروگرام کے اختتامی دن ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کو ڈی ایم ڈبلیو (ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر) آفیسر مسٹر گووند راجو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم ذمہ داری کالج اور اسکول کے پرنسپلوں کی ہوتی ہے۔ وہ مجموعی طور پر پورے اسکول اور اقامتی کالجوں کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ انھوں نے وارڈنوں کو ہدایت کی کہ پکوان کے دوران صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں، پکوان عملہ کو چاہئے کہ وہ صاف ستھرے رہیں، اپنے ہاتھوں کو صاف صابن سے دھونے کے بعد پکوان کا آغاز کریں۔ انھوں نے کہا کہ پکوان کے دوران وارڈن کو چاہئے کہ وہ راست نگرانی کرے تاکہ آئندہ کسی بھی وقت فوڈ پوائزننگ (سمیت غذا) سے طلبہ محفوظ رہیں اور ایسے واقعات کا تدارک ہو۔ اس چار روزہ تربیتی پروگراموں میں ضلع ویجلنس آفیسر جناب ضمیر احمد خان، آر ایل سی جناب جمیل احمد قادری، محکمہ صحت آفیسر مسٹر ہنمنتو نے حصہ لیتے ہوئے اسکول اور کالج کے عملہ کو تربیت دی۔ ان پروگراموں کی جناب خواجہ محبوب پرنسپل اقلیتی اقامتی اسکول اور مسٹر جگدیشور ریڈی پرنسپل اقلیتی اقامتی کالج نے نگرانی۔ جناب بی شفیع اللہ سکریٹری ٹمریز تلنگانہ کی ہدایت پر چار روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔