نیوزی لینڈ پہلے ونڈے میں 157 رنز پر ڈھیر
سورج کی وجہ سے آدھے گھنٹے کا کھیل متاثر
نیپیر۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج یہاں اپنی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ونڈے میں آٹھ وکٹوں کی کامیابیکے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں0-1 کی سبقت حاصل کرلی۔چائنا مین بولرکلدیپ یادو نے چار ، فاسٹ بولرمحمد سمیع نے تین اور لیگ اسپنر یجویندرچہل نے دو وکٹ حاصل کئے ۔ ہندوستان نے اپنی بہترین بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو38 اووروں میں157رنز پر سمیٹ دیا اور اس کے بعد 35.5 اوور میں صرف دو وکٹ کھوکر کامیابی کا ہدف بآسانی حاصل کرلیا۔ اوپنرشکھر دھون نے آؤٹ ہوئے بغیر75رنز بنائے ۔ہندوستان کی یہ لگاتار تیسری ونڈے کامیابی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے اس سے پہلے آسٹریلیا میں آخری دو مقابلے اپنے نام کرتے ہوئے ون ڈے سیریز 1-2سے اپنے نام کی تھی۔ہندوستان کے لئے فتح کا ہدف مشکل نہیں تھا اور اسے حاصل کرنے میں اسے کوئی دقت نہیں ہوئی ۔ ہندوستان کو پہلے50 اوور میں 158رنز کا ہدف ملا تھا لیکن عشائیہ کے وقفہ کے بعد وکٹ کے ایک سرے پر ڈوبتے سورج کی سیدھی کرنیں پڑنے سے کھیل آدھے گھنٹے تک روکنا پڑا اور اس کے بعد ہندوستان کے لئے جیت کا ہدف 156رنز کردیا گیا۔ شکھردھون نے ہندوستان کو جیت دلانے میں اپنی26ویں نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ ونڈے کرکٹ میں 5000 رنز بھی پورے کرلئے ۔ 33سالہ دھون نے 118ویں اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا اور سب سے تیز پانچ ہزار رنز پورے کرنے میں مشترکہ طورپر تیسرے بیٹسمین بن گئے ۔ دھون نے آج آؤٹ ہوئے بغیر 75رنز بنائے جن میں چھ چوکے شامل ہیں۔فتح کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان کا پہلا وکٹ دسویں اوور میں اس وقت گرا جب ڈگ بریسویل کی گیند پر روہت شرما مارٹن گپٹل کے ہاتھوں سلپ میں کیچ ہوئے ۔ روہت نے 24گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 11رنز بنائے ۔اس اوور کے پورا ہوتے ہی وکٹ کے ایک سرے پرسورج کی سیدھی کرنیں پڑنے سے کھیل آدھے گھنٹے تک روکنا پڑا اور دوبارہ شروع ہونے پر دھون اورکپتان ویراٹ کوہلی نے بے حد آرام سے کھیلنا شروع کیا اوردونوں نے20.5 اوور میں ہندوستان کا اسکور 100رنز تک پہنچا دیا۔25ویں اوور میں کوہلی کو ٹم ساؤتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قراردیا گیا لیکن کوہلی نے ریفرل مانگا اور امپائر کو اپنا فیصلہ بدلنا پڑا۔ کوہلی اس وقت 37رنز بناکر کھیل رہے تھے لیکن اس کے بعد وہ اپنے اسکور میں آٹھ رنز کا اضافہ کرنے کے بعد ایل فرگیوسن کی گیند پر وکٹ کیپر تام لاتھم کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔انہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے ۔ہندوستان کا دوسرا وکٹ 132رنز پر گرا۔ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد امباٹی رائیڈو نے دھون کا ساتھ دیا اور دونوں نے ہندوستان کو 35 ویں اوور میں جیت کی منزل پر پہنچا دیا۔رائیڈو نے 35ویں اوور میں چوکا لگاکر اسکور برابر کیا اور پھر ایک رن لے کر ٹیم کو جیت دلا دی۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیٹ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن کیوی ٹیم محمد سمیع کے ابتدائی دو جھٹکوں سے آخر تک نہیں سنبھل سکی۔سمیع مین آف دی میچ رہے ۔
سمیع کے نام تیز ترین 100 وکٹوں کا ہندوستانی ریکارڈ
نیپیر۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی ہندوستانی فاسٹ بولروں کا جلوہ دیکھنے کو ملا۔ نیپیر ونڈے میں ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے ہندوستانی ٹیم کو زبردست شروعات دلانے کے علاوہ اپنے نام بھی ایک ریکارڈ کرلیا ہے۔ سمیع نے اپنے پہلے دو اووروں میں ہی دو وکٹیں لے کر نیوزی لینڈ کو پیچھے ڈکھیل دیا ۔ سمیع نے گپٹل اور کولین منرو کو بولڈ کیا۔ گپٹل کو بولڈ کرتے ہی سمیع نے ایک بڑا کارنامہ بھی کر دکھایا۔ محمد سمیع ہندوستان کی طرف سے سب سے تیز 100 ونڈے وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔ سمیع نے صرف 55 اننگز میں اپنے 100 وکٹ پورے کئے اور اس دوڑ میں انہوں نے عرفان پٹھان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ عرفان پٹھان نے 59 اننگز میں اپنے 100 ونڈے وکٹ پورے کئے تھے۔ اس کے بعد ظہیر خان نے 65 اننگز میں اور اگرکر نے 67 اننگز میں اپنے 100 ونڈے وکٹ پورے کئے تھے۔دریں اثناء ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے سمیع کی شاندار بولنگ کی دل کھول کرستائش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سمیع کو اب سے پہلے اتنا فٹ نہیں دیکھااور ان کا یہ شاندار مظاہرہ کہیں نہ کہیں فٹ نس کے بہتر ہونے کی وجہ سے ہے۔