سمیع ریورس سوئنگ کے سلطان :شعیب اختر

   

نئی دہلی۔ 9اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے محمد سمیع کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ وہ ریورس سوئنگ کے سلطان بن سکتے ہیں۔ سمیع نے جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ لے کر ہندوستان کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اختر نے اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں کہا کہ انہوں نے ایک مرتبہ سمیع کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ریورس سوئنگ کا استعمال کرتے ہوئے خطرناک بولر بننے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا ہندوستان کے ورلڈ کپ میں ناقص مظاہرہ کے بعد سمیع نے مجھے فون کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ہندوستان کے لئے اچھا نہ کرنے کی وجہ سے مایوس ہیں۔ میں نے ان سے کہا تھا کہ آپ ہمت مت ہارے اور فٹنس پر کام کیجیے۔ میں نے ان سے کہا تھا کہ ہوم سیریز آ رہی ہے اور آپ اچھا کریں گے۔ اختر نے کہا، میں نے سمیع سے کہا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ وہ خطرناک بولر بننے اور بیٹسمینوں کو پریشان کریں۔ ان کے پاس بہترین سیم اور سوئنگ ہے۔ اس کے بعد ان کے پاس ریورس سوئنگ ہے جو برصغیر میں کم ہی بولروں کے پاس ہے۔ میں نے ان سے کہا تھا کہ وہ ریورس سوئنگ کے سلطان بن سکتے ہیں۔ اب دیکھئے، انہوں نے کیا کیا۔ انہوں نے خراب پیچ پر وکٹ نکالے۔ میں ان کے لئے خوش ہوں۔ شعیب کے بموجب وراٹ کوہلی کی قیادت میں سمیع کافی آگے بڑھیں گے۔ میں نے سمیع سے کہا تھا کہ کوہلی بہترین کپتان ہیں جو کپتانی کا لطف اٹھاتے ہیں اور اپنے بولروں کو مکمل آزادی دیتے ہیں۔ اس سے پہلے سمیع بھی کوہلی کی تعریف کر چکے ہیں۔