نئی دہلی: ہندوستان نے چمپئنز ٹرافی کے اپنے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر شاندار آغازکیا، جس کے بعد نائب کپتان شبمن گل نے محمد سمیع کی 5/53 کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور انہیں ایک لیجنڈ قراردیا۔ گل نے کہا کہ چوٹ کے بعد کرکٹ میں واپسی کرنا آسان نہیں ہوتا، مگر سمیع نے یہ کر دکھایا۔ 14 ماہ کے وقفے کے بعد جو ایڑی کی چوٹ کے باعث سرجری کی وجہ سے تھا، سمیع نے شاندار واپسی کی اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کی بدولت وہ200 ونڈے وکٹیں مکمل کرنے والے سب سے تیز ہندوستانی بولر بن گئے اور آئی سی سی کے 50 اوورکے ٹورنمنٹس میں ہندوستان کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی بن گئے۔ جب بھی وہ آئی سی سی ٹورنمنٹ میں بولنگ کے لیے آتے ہیں، تو کم ازکم پانچ وکٹیں ضرور لیتے ہیں۔ ہمیشہ 4، 5، 4 اور 5 وکٹیں۔ کبھی کبھی تو ہمیں پتہ بھی نہیں چلتا کہ وہ پانچ وکٹیں لے چکے ہیں،گل نے کہا۔ مہدی حسن مرزا ہمارے خلاف ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ جب ہم بنگلہ دیش کے خلاف سیریزکھیل رہے تھے، تب بھی انہوں نے عمدہ بیٹنگ کی تھی لیکن سمیع بھائی نے جس طرح صحیح لائن اور لینتھ پر بولنگ کی، انہوں نے نئے بیٹرس پر دباؤ بنائے رکھا۔ مہدی کو رنز بنانے کے لیے محنت کرنی پڑی اور سمیع بھائی نے مسلسل اسی لائن پرگیند ڈال کرگیند کو سوئنگ کروایا۔ چوٹ کے بعد اس انداز میں واپسی کرنا آسان نہیں، اور یہی وجہ ہے کہ سمیع ایک لیجنڈ ہیں۔