سمیع ٹسٹ کے تقاضے پورے نہیں کرسکتے:اگرکر

   

ممبئی، 24 مئی (آئی اے این ایس)۔ دورہ انگلینڈ کے لئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیاہے اور شبھمن گل کو کپتان بنایا گیا ہے ۔ چیف سلیکٹراجیت اگرکر نے یہ بھی واضح کیا کہ جسپریت بمراہ تمام پانچ ٹسٹ میچز نہیں کھیلیں گے، اور وہ ٹیم کے لیے بطور فاسٹ بولر زیادہ قیمتی ہیں بجائے اس کے کہ ان پر قیادت کا بوجھ ڈالا جائے۔انہوں نے کہا میرے خیال میں وہ پانچوں ٹسٹ نہیں کھیل پائیں گے۔ چاہے وہ تین ہوں یا چار، ہم سیریزکی صورتحال اور ان کے ورک لوڈ کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ اگر وہ تین یا چار ٹسٹ کے لیے بھی دستیاب ہوں، تو وہ ہمارے لیے اثاثہ ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ وہ اسکواڈ میں شامل ہیں۔ قیادت کرنے کے بجائے وہ بطورکھلاڑی زیادہ اہم ہیں۔ تجربہ کار فاسٹ بولر محمد سمیع کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، جس پر اگرکر نے کہا کہ وہ مکمل فٹ نہیں ہیں اور ٹسٹ کرکٹ کے تقاضے پورے نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا گزشتہ ہفتے انہیں معمولی زخم کا سامنا رہا، ایم آر آئی کروایا گیا۔ وہ پانچوں ٹسٹ کھیلنے کے قابل نہیں ہیں۔ ان کا ورک لوڈ مطلوبہ سطح پر نہیں ہے۔ میڈیکل ٹیم نے بتایا کہ وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔ ہم چاہتے تھے کہ وہ کچھ میچزکھیلیں، لیکن اگر وہ فٹ نہیں تو بہتر ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جو مکمل فٹ اور دستیاب ہوں۔