سمیع پر ہندوستان کی نظریں ، 12 سال بعد ٹرافی کی امید

   

دبئی : محمد سمیع کے دائیں ہاتھ میں ایک جادوگر جیسی مہارت ہے۔ ان کی کلائی کی ایک معمولی جنبش دنیا کے بہترین بیٹرسکو پویلین کی راہ دکھا سکتی ہے لیکن کیا وہ اپنی جادوئی بولنگ سے ہندوستان کو 12 سال بعد آئی سی سی چمپئنز ٹرافی جتوانے میں مدد دے سکتے ہیں؟ یہ سوال شائقین کے ذہنوں میں گشت کررہا ہے۔ ہندوستانی شائقین کو امید ہے کہ سمیع اس بڑے ایونٹ میں زبردست کارکردگی دکھائیں گے، خاص طور پر اس لیے کہ ہندوستان کے مرکزی بولر جسپریت بمراہ زخمی ہونے کے باعث ٹورنمنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ سمیع کی فٹنس اور فارم پرکچھ خدشات بھی موجود ہیں۔ بھارت 20 فروری کو دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف چمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ کھیلے گا۔ 34 سالہ سمیع حالیہ صحتیابی کے بعد واپسی کر رہے ہیں۔ اگرچہ وہ گزشتہ سال کے آخر میں کرکٹ میں واپسی کے بعد مختلف سطحوں اور فارمیٹس میں کچھ میچ کھیل چکے ہیں، لیکن کسی بڑے ٹورنمنٹ میں دباؤکے ماحول میں کارکردگی دکھانا بالکل مختلف چیلنج ہوتا ہے۔سمیع کے حوالے سے ایک اور خدشہ بمراہ کی غیر موجودگی ہے، جو گزشتہ چھ سالوں سے ان کے سب سے قابل اعتماد فاسٹ بولر ساتھی رہے ہیں۔اس چیمپئنز ٹرافی میں سمیع کے ساتھ ارشدیپ سنگھ نئی گیند سے بولنگ کریں گے لیکن جتنی بھی مہارت اور صلاحیت ارشدیپ کے پاس ہو، وہ ابھی بمراہ کے درجے تک نہیں پہنچے ہیں۔موجودہ حالات میں سمیع پر نہ صرف ٹیم انتظامیہ کی نظریں ہیں بلکہ ہندوستانی شائقین کو ان سے بہترین مظاہروں کی امید ہے ۔