ایم ایس پی پر غور کیلئے پیانل کی تشکیل ، شمولیت کیلئے پانچ قائدین مدعو
نئی دہلی :زرعی قوانین کی واپسی کے باوجود پنجاب کی 32 کسان تنظیموں نے سنگھو بارڈر پر میٹنگ کر کے ’ کسان تحریک‘ کو لیکر غور و خوض کیا اور یکم دسمبر کو ہنگامی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی دن ایم ایس پی کمیٹی کو لے کر بھی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا بل پارلیمنٹ میں پاس بھی ہو گیا ہے۔ ایک سال سے چل رہی تحریک میں اب کسانوں کے درمیان تحریک ختم کرنے کو لے کر الگ الگ رائے سامنے آنے لگی ہے۔ کسانوں کا ایک گروپ تحریک ختم کرنے کو لے کر قیادت کر رہا ہے، تو کچھ لیڈر اپنے دیگر مطالبات پر تحریک کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔بھارتیہ کسان یونین ’کادیان‘ کے سربراہ ہرمیت سنگھ کادیان نے بتایا کہ یکم دسمبر کو سمیکوکت کسان مورچہ کا اجلاس ہوگا جس میں آگے کی پالیسی پر فیصلہ لیا جائے گاجبکہ 4 دسمبر کو اپنی اگلی میٹنگ طلب کی ہے۔اسی بیچ ایم ایس پی اور دیگر امور پر غور و خوض کیلئے حکومت نے ایک پیانل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا اور اس میں شمولیت کیلئے پانچ کسان قائدین کو مدعو کیا ہے۔ ناموں پر ہنگامی اجلاس میں غور کا امکان ہے۔