عوام کو چوکس رہنے اور تفصیلات نہ بتانے کا مشورہ ، سائبرآباد پولیس کا بیان
حیدرآباد : سائبرآباد پولیس نے ایئر ٹل گاہکوں کو باور کیا ہے کہ فرضی کسٹمر کیر کے فون کالس سے چوکنا رہیں ، چونکہ سم کارڈ بلاک کرنے کے نام پر تفصیلات حاصل کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹ لیا جارہا ہے ۔ سائبر دھوکہ بازوں نے ای ۔ سم کارڈ سوائپنگ کے نام پر شہریوں کو ٹھگنے کا ایک نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے اور گذشتہ 10 دنوں میں تین افراد کو جو پولیس سے رجوع ہوئے ہیں ان کے لاکھوں روپئے لوٹ لئے گئے ۔ میاں پور کے ساکن ایل نائیڈو کے 9,20,897 روپئے گچی باؤلی کے ساکن کمار کشال کشور مشرا کے 5,94,799 روپئے اور گچی باؤلی علاقہ کے ایک اور ساکن سریش رمن کے 1,03,990/- روپئے لوٹ لئے گئے ۔ دھوکہ بازوں نے ان تینوں کو ٹھگنے کیلئے ایک ہی طریقہ کار کا استعمال کیا اور یہ تینوں ایئرٹیل کے گھر میں انہیں پہلے کے ۔وائی ۔ سی ویریفکیشن کیلئے ایک گھنٹہ سم کو بلاک کرنے کی اطلاع دی گئی ۔ ایک کے بعد دیگر ریکارڈ وائس کال کے ذریعہ انہیں گمراہ کیا گیا اور ایئرٹیل کے کسٹمر کیر سے بات کرنے کا یقین دلاکر انہیں لنک روانہ کی گئی اور اس کے بعد بینک کھاتہ کی تفصیلات بذریعہ میل روانہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ اس طرح ان تینوں شکایت گذاروں کے ایک کے بعد دیگر ای ۔ سم کارڈ ریکرسٹ کے ذریعہ سوائپنگ کی گئی اور سم کارڈ کو بلاک کردیا گیا اور جب سم دوبارہ کارکرد ہوا تو انہیں اندازہ ہوا کہ وہ بڑی دھوکہ دیہی کا شکار ہوئے ہیں اور انہیں لوٹ لیا گیا ۔ پولیس نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی فون کال یا ریکوسٹ کی گئی لنک پر بھروسہ نہ کریں ۔ کبھی لالچ دے کر تو کبھی دھمکاکر سائبردھوکہ باز عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔