سنبل پور تشدد ،اڈیشہ پولیس نے 32 افراد کو گرفتار کیا

   

بھونیشور: اوڈیشہ پولیس نے ہنومان جینتی کے موقع پر 12 اپریل کو سمبل پور قصبے میں نکالی گئی موٹر سائیکل ریلی کے دوران بھڑکنے والے فرقہ وارانہ تشدد کے سلسلے میں کم ازکم 32 لوگوں کو گرفتار کیا ہے، ایک عہدیدار نے جمعہ کو بتایا۔ ہنومان جینتی سوبھایاترا، ہنومان جینتی سمانویا سمیتی کے ارکان، بجرنگ دل کارکنوں اور دیگر کے ذریعہ 12 اپریل کی شام سمبل پور قصبہ میں ایک موٹر سائیکل جلوس نکالا گیا تھا۔ ریلی کے دوران دو برادریوں میں تصادم ہوا۔ تشدد میں کم ازکم 10 پولیس اہلکار اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔ اس واقعے کے بعد ریاستی حکومت نے 13 اپریل کی صبح 10 بجے سے پورے ضلع میں انٹرنیٹ خدمات 48 گھنٹے کے لیے معطل کر دی تھیں۔ سنبل پور ضلع انتظامیہ نے بھی امن برقرار رکھنے کے لیے امتناعی احکامات نافذ کیے تھے۔ جمعہ کو میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سنبل پور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی گنگادھر نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں 32 لوگوں کو ان کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کم از کم 40 افراد جنہیں پہلے حراست میں لیا گیا تھا، انتباہ کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی۔پولیس افسر نے بتایا کہ دکانوں کو آگ لگانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتارکیا گیا ہے جبکہ چھرا مارنے والے تین ملزمان کو بھی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا مختلف ویڈیو فوٹیج اور تصویروں کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے تشدد میں ملوث مزید 25 لوگوں کی نشاندہی کی ہے۔