سنبل پور میں 12 وکیلوں کی گرفتاری

   

سنبل پور: اڈیشہ کے سمبل پور میں ہائی کورٹ کی ڈویژنل بنچ کے قیام کے مطالبے پر وکلاء کا احتجاج پیر کے روز پرتشدد ہو گیا جس میں پولس نے کارروائی کرتے ہوئے 12 وکیلوں کو گرفتار کر لیا۔ عدالت کے اطراف میں ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 144 نافذ کیا گیا تھا اور 17 پلاٹون پولس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔ احتجاج کے دوران ڈسٹرکٹ جج کو اپنے کمرہ عدالت سے گھسیٹا گیا اور مشتعل وکلاء نے کمرہ عدالت میں توڑ پھوڑ کی۔ سنبل پور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس بی گنگادھر نے کہا کہ گرفتاریاں پیر کی رات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کی گئی ہیں اور نو گرفتار وکلاء کو مقامی عدالت کی طرف سے ضمانت کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور ٹی وی کی خبروں کی ویڈیو کلپس کی جانچ کے بعد پیر کے تشدد کے سلسلے میں مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔ دریں اثناء، ضلع انتظامیہ نے کچہری چوک میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ کردیا ہے اور وارننگ جاری کی ہے کہ اگر کسی نے امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔