اکھلیش‘ رام گوپال یادو کی تنقید‘پہلے ڈی ایم اور ایس پی کے پوسٹر لگانے کا مطالبہ
لکھنؤ: سنبھل تشدد کے سلسلہ میں چیف منسٹر اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ مجرموں کو عوامی مقامات پر بے نقاب کیا جائے اور نقصان کا معاوضہ ان سے وصول کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشدد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور ان کے پوسٹر عوامی مقامات پر چسپاں کیے جائیں گے۔اس بیان پر سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے اعتراض کیا اور کہا کہ پہلے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کے پوسٹرز لگائے جانے چاہئیں کیونکہ یہ حکام بھی واقعہ کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کی ناکامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اشارہ دیا۔یوگی نے کہا کہ سنبھل اور بنگلہ دیش میں تشدد برپا کرنے والوں کا ڈین این اے ایک ہے ۔ یوگی کے اس بیان پر اکھلیش یادو نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم سب ڈی این اے ٹسٹ کروانے کیلئے تیار ہیں ۔دوسری جانب کانگریس قائد راہول گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے وفود کو متاثرہ علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جس پر ان جماعتوں نے انتظامیہ کے رویہ کی مذمت کی۔ راہول گاندھی نے پیشکش کی کہ وہ پولیس کے ساتھ اکیلے جائیں گے مگر ان کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔خیال رہے کہ سنبھل میں 24 نومبر کو مقامی عدالت کے حکم پر جامع مسجد کے سروے کے دوران پرتشدد جھڑپیں ہوئیں، جن میں چار افراد جان سے گئے اور تقریباً 24 زخمی ہوئے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔ یوپی حکومت نے متاثرہ علاقے میں 24 گھنٹوں کے لیے انٹرنیٹ بند کر دیا اور اسکولوں کو عارضی طور پر بند رکھنے کے احکامات جاری کیے؟۔