سنبھل:6 اگست (ایجنسیز) شاہی جامع مسجد مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ظفر علی کی جیل سے رہائی پر جلوس نکال کر جشن منانے کے الزام میں ظفر علی اور دیگر کئی لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔منگل کی رات دیر گئے ضلعی پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سنبھل کوتوالی میں سب انسپکٹر آشیش تومر کی شکایت پر، شاہی جامع مسجد مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ظفر علی کے ساتھ سرفراز، طاہر اور حیدر نامی افراد اور 50-60 نامعلوم افراد کے خلاف سیکشن 16 آئی وی سی کے تحت امتناعی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔علی گزشتہ سال جامع مسجد کے سروے کے دوران تشدد کے معاملے میں ملزم ہیں۔ اس معاملے میں انہیں یکم اگست کو مرادآباد جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ رہائی کے بعد مرادآباد سے سنبھل تک تقریباً 40 کلومیٹر کا روڈ شو نکالا گیا۔ راستے میں کئی مقامات پر ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور استقبال کے پروگرام منعقد کیے گئے۔ جلوس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے از خود نوٹس لیتے ہوئے یہ کارروائی کی۔