سنبھل میں مسجد اور میرج ہال پر بلڈوزر کارروائی

   

کمیٹی نے رضاکارانہ طور پرغیر مجاز حصہ کو منہدم کردیا‘سخت سیکوریٹی انتظامات
لکھنؤ۔2؍اکتوبر ( ایجنسیز )اتر پردیش کے سنبھل میں حکام نے سرکاری اراضی پر غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی کی۔ ایک میرج ہال کو بلڈوزر سے گرا دیا جبکہ انتظامی کمیٹی کی درخواست کے بعد ایک مسجد کو ہٹانے کا کام کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے مسجد انتظامی کمیٹی کو غیر مجاز حصہ خود ہٹانے کیلئے چار دن کی مہلت دی تھی۔ حکام نے تصدیق کی کہ کمیٹی نے مقررہ مدت کے اندر ڈھانچہ کو گرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہدامی مہم سے پہلے، پولیس کی طرف سے فلیگ مارچ کیا گیا۔پچھلے مہینے سنبھل میں مسلم علما نے 2024 کے فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق عدالتی کمیشن کے فیصلہ کو مسترد کر دیااور الزام لگایا کہ ضلع میں پینل کے آبادیاتی اور سیکورٹی کے جائزے گمراہ کن تھے۔علماء نے رپورٹ کے اس دعوے کی بھی مخالفت کی کہ سنبھل میں مسلمانوں کی آبادی 85 فیصد ہے۔ ایک عالم نے اعداد و شمار کی درستگی اور مقامی بیانیہ پر اس کے اثرات کو چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ یہاں کوئی بڑی ترقی یا روزگار میں اضافہ نہیں ہوا ہے اس لیے مسلم آبادی میں نہ تو اضافہ ہوا ہے اور نہ ہی کمی۔چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو پیش کی گئی 450 صفحات پر مشتمل کمیشن کی رپورٹ نے آزادی کے بعد سنبھل میں آبادیاتی تبدیلی کو نمایاں کیا ہے۔ اس نے ہندو آبادی میں 1947 میں تقریباً 45 فیصد کمی کا حوالہ دیا جو کہ آج 15 سے 20 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو ان تبدیلیوں کو بار بار فرقہ وارانہ فسادات اور سیاسی مقاصد سے جوڑتا ہے۔پینل نے 1947 سے لے کر اب تک 15 فرقہ وارانہ فسادات بھی ریکارڈ کیے جن میں نومبر 2024 کے آخر میں ہونے والی پرتشدد جھڑپیں بھی شامل ہیں جو شاہی جامع مسجد کے عدالتی حکم نامہ کے سروے سے شروع ہوئے۔ رپورٹ میں سیکورٹی خدشات جیسے کہ شدت پسند گروپوں کی دراندازی اور غیر ملکی ہتھیاروں کے استعمال کا حوالہ دیا گیا اور ایک تاریخی مندر سے تعلق رکھنے والی بنیادوں کی کھدائی کا ذکر کیا۔نتائج کے جواب میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ ڈبل انجن والی حکومت ڈیموگرافی کو تبدیل نہیں ہونے دے گی۔ جو بھی ہمت کرے گا وہ خود کو چھوڑنے پر مجبور ہو جائے گا۔ ریاست کا محکمہ داخلہ فی الحال اس رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے جس میں سیکورٹی اور ثقافتی بحالی کے اقدامات کے منصوبے کابینہ اور اسمبلی کو پیش کیے جانے کی امید ہے۔