سنبھل میں ہولی کے جلوس میں مسجد کے گیٹ پر مذہبی نعرہ لکھا گیا

   

سنبھل : یوپی کے سنبھل ضلع میں ہولی کے موقع پر ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ ہولی جلوس کے دوران کچھ سماج دشمن عناصر نے مسجد کے گیٹ پر ’جئے شری رام‘ لکھ دیا، جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔ جیسے ہی لوگوں نے مسجد کے گیٹ پر نظر ڈالی، علاقے میں کہرام مچ گیا اور دونوں طرف کے لوگ آمنے سامنے آگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور حالات کو قابو میں کیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعہ کا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے۔یہ واقعہ حیات نگر تھانہ کے دھوریتا گاؤں میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق، ہر سال کی طرح اس بار بھی ہولی کا جلوس نکالا گیا، لوگ روایتی طور پر ہولی کے گیت گاتے گزر رہے تھے کہ اچانک مسجد کے گیٹ پر کسی نے جئے شری رام لکھ دیا۔ اس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے اور دونوں برادریوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ اطلاع پر حیات نگر تھانہ انچارج اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔ پولیس نے دونوں برادریوں کے افراد کو سمجھایا اور پرامن رہنے کی اپیل کی۔ مسلم کمیونٹی کے افراد کا کہنا ہے کہ جلوس کے دوران کچھ لوگوں نے جان بوجھ کر مسجد کے گیٹ پر مذہبی نعرے لکھے اور اندر رنگ بھی پھینکا۔ اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس چندرہ نے بتایا کہ مسجد پر رنگ پھینکنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے دونوں برادریوں کو سمجھا کر حالات کو پرامن بنا دیا۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیزی سے باز رہیں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں۔کسی نے مسجد کے گیٹ پر نعرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جس کے بعد تناؤ پیدا ہونے لگا۔ تاہم، پولیس کی کارروائی سے صورتحال قابو میں رہی۔ حکام مسلسل علاقے میں گشت کر رہے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آئے۔