حیدرآباد ۔ 16 اگست (سیاست نیوز) سنتور وومنس اسکالر شپ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ میں وسعت دی گئی ہے اور اب اس اسکالر شپ کے حصول کیلئے 31 اگست تک طالبات درخواست دے سکتے ہیں جن کا تعلق ریاست تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک سے ہو۔ سنتور وومنس اسکالر شپ کی شرائط کو کسی قدر سخت بنایا گیا ہے کیونکہ ایسی ہی طالبات اس اسکالر شپ کے حصول کی اہل ہوں گی جنہوں نے سرکاری اسکول اور کالجوں سے دسویں اور بارہویں جماعت کامیاب کی ہیں اور سرکاری ڈگری کالج میں داخلہ لیا ہے۔ وپرو کنزیومر کیر اور لائٹنگ نے سنتور وومنس اسکالر شپ پروگرام کا آغاز وپرو کیر کے ساتھ آندھراپردیش، تلنگانہ اور کرناٹک میں 2016ء میں کیا تھا۔ ایک اسکالر شپ کے تحت مذکورہ تین ریاستوں میں ہر سال 900 طالبات کو اسکالر شپ فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی گریجویشن کی تعلیم بناء کسی رکاوٹ کے انجام دیں۔ جو طالبات اس اسکالرشپ کیلئے اہل قرار دی جاتی ہیں انہیں ہر تعلیمی سال کیلئے 24 ہزار روپئے کا مالی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ اسکالر شپ سے حاصل ہونے والی رقم کو طالبات ٹیوشن فیس اور دیگر تعلیمی اخراجات پر خرچ کرسکتی ہیں۔ 2016ء میں جب یہ اسکالر شپ شروع کی گئی تب سے اب تک 2700 طالبات نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے اور اپنی گریجویشن کی تعلیم مکمل کی ہے۔
