سنت کے عین مطابق طے پانے والے رشتوں میں اللہ کی برکتیں

,

   

سیاست ملت فنڈ و آئی آئی سی ڈی سے معذورین کیلئے رشتوں کا پروگرام ۔ جناب ظہیرالدین علی خان، حافظ رشادالدین و دیگر کا خطاب

معذورین کے رشتوں کے دو بہ دو پروگرام کی جھلکیاں
٭ سیاست ملت فنڈ اور آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار ڈیسیبلڈ کے تعاون و اشتراک سے آج شہر حیدرآباد میں گونگے، نابینا اور جسمانی معذورین کے دو بہ دو رشتوں کا پروگرام آئی آئی سی ڈی روبرو مسلم میٹرنٹی ہاسپٹل اعظم پورہ چادرگھاٹ میں منعقد کیا گیا۔
٭ صبح سے ہی والدین اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کو معذور، نابینا گونگے و بہرے ہیں۔ آئی آئی سی ڈی پہنچے اور اپنا بائیو ڈاٹا رجسٹریشن کروایا۔
٭ معذور نوجوانوں کو رشتوں کے انتخاب کے لئے اُن کے والدین اپنے ہاتھوں میں اُٹھائے پہنچتے ہوئے دیکھے گئے۔
٭ 11 بجے دن پروگرام کا آغاز ہوا اور 4 بجے شام اختتام کو پہنچا۔
٭ اس دو بہ دو ملاقات پروگرام میں لڑکوں اور لڑکیوں کے 235 بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروائے گئے جن میں سے 40 غیر مسلم لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں۔
٭ نوجوان ماسٹر شنکر ماڈگل منڈل ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھتے ہیں وہ بھی اپنا بائیو ڈاٹا لے کر پہنچے۔
٭ آئی آئی سی ڈی میں قابل اساتذہ کی مدد سے ان کے سائنس لینگویج میں حساب، سائنس، قرآن اور مختلف کورس و کمپیوٹرس کی تربیت کے ساتھ ریلوے امتحانات کی تربیت کا نظم ہے۔
٭ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آئی آئی سی ڈی کی جانب سے ان معذور لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیمی، دینی تربیت کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے اور اُن کے علاج و معالجہ اور دیگر سرگرمیوں سے واقف ہوکر سراہنا کی اور کہاکہ ملک میں جہاں جہاں ان کے لئے کام کئے جارہے ہیں اُنھیں بھی آئی آئی سی ڈی کی اس کارکردگی سے واقف کروانا ضروری ہے۔
٭ آئی آئی سی ڈی کے ذریعہ رشتوں کا نظم بھی کیا جاتا ہے جس کے لئے اب 35 لڑکے و لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کیا گیا۔
٭ جناب ظہیرالدین علی خاں آئی آئی سی ڈی میں موجودہ Odiology Dept. کا معائنہ کیا اور سراہنا کی۔
٭ اس پروگرام میں عقدثانی کے لئے لڑکوں نے بھی بائیو ڈاٹا داخل کیا۔
٭ اس دو بہ دو پروگرام میں آئی آئی سی ڈی کا تعارفی فولڈر بھی تقسیم کیا گیا۔

حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) سیاست ملت فنڈ اور آئیڈئیل انفارمیشن سنٹر فار ڈیسبلڈکے تعاون و اشتراک سے معذور، بہرے، گونگے، نابینا کے لئے رشتوں کا دوسرا دو بہ دو ملاقات پروگرام دفتر آئی آئی سی ڈی اعظم پورہ، چادرگھاٹ میں آج منعقد ہوا جس میں والدین و سرپرستوں نے اپنے معذور لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ اپنا رجسٹریشن کروایا۔ اس کے علاوہ غیر مسلم لڑکوں اور لڑکیوں، شہر اور مضافاتی علاقوں سے اپنے اپنے والدین کے ہمراہ پہنچے۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آئیڈیل انفارمیشن سنٹر کی کارکردگی اور اُن کی ان لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے جو خدمات کی سراہنا کی اور کہاکہ اس سنٹر میں کافی تبدیلی پیدا ہوئی اور وہ بڑے ہی مستعدی کے ساتھ ان لڑکوں اور لڑکیوں کی ہر نہج پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیاست اور ملت فنڈ کا یہ پروگرام ملک بھر میں اپنی ایک شناخت بناچکا ہے۔ اس لئے اگر آئی آئی سی ڈی کا تعاون شامل ہو تو اس کو ملک گیر سطح تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انتظامیہ نے برادران وطن کے لڑکے و لڑکیاں جو معذور ہیں اُن کے رشتوں کے لئے یہاں سہولت کی فراہمی ایک مستحسن اقدام ہے۔ اس کو مزید تقویت پہنچانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جناب ظہیرالدین علی خان کو ایک غیر مسلم معذور نوجوان ماسٹر شنکر ماڈگال منڈل ضلع محبوب نگر کے متوطن نے اپنا بائیو ڈاٹا بتایا اور اُن کے والد نے بھی اس پروگرام کی سراہنا کی۔ حافظ رشادالدین ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد نے کہاکہ آئی آئی سی ڈی ایک واحد ادارہ ہے جو خدمتِ خلق جذبہ کے تحت معذورین کی شبانہ روز محنت کے لئے لگا ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اخبار سیاست اور ملت فنڈ کا تعاون عرصہ دراز سے ہے خصوصاً دعوت افطار اور کمپیوٹر کی صلاحیت کو پروان چڑھانے میں تعاون شامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نکاح کرنا سنت نبوی ہے اور بغیر نکاح کے زندگی گزارنا پسندیدہ عمل نہیں ہے۔ اس سے بے راہ روی کو فروغ ملتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اللہ کا وعدہ ہے جو تنگ دستی میں نکاح کرتا ہے اس کو خوشحالی میں تبدیل کردے گا۔ اس لئے ضروری ہے کہ نکاح سے قبل لڑکی میں اخلاق و شرافت، دینداری کو ترجیح دی جائے۔ جناب تبریز بخشی سکریٹری آئی آئی سی ڈی نے آئی آئی سی ڈی کا تعارف پیش کیا۔ انھوں نے کہاکہ اس کا قیام سال 2014 ء میں ہوا۔ اس نے مختلف نہج پر کام کرتے ہوئے بلالحاظ مذہب و ملت (مسلم و غیر مسلم لڑکوں اور لڑکیوں) رشتوں کے لئے پہل کی گئی اور اب تک 35 رشتے طے پاچکے ہیں اور اس پروگرام کے ذریعہ اس بات کی اُمید ہے کہ مزید رشتے طے پائیں گے۔ جناب عتیق الرحمن پرنسپل آئی آئی سی ڈی نے خیرمقدم کیا اور کہاکہ سنت کے عین مطابق و اسلامی طور طریقے سے جو رشتے طے پاتے ہیں اُس میں اللہ تعالیٰ برکتیں عطا فرماتا ہے۔ سیاست اور ملت فنڈ نے جو اقدام کیا ہے وہ موجودہ زمانہ کے لحاظ سے بڑا مؤثر ہے۔ اس موقع پر حافظ رشادالدین اور جناب تبریز بخشی نے جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کو آئی آئی سی ڈی میں طلباء و طالبات کے لئے تعلیمی، فنی اور اُن کی لینگویج میں سکھانے کے علاوہ کمپیوٹر لیاب، اوڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کا معائنہ کروایا۔ اس پروگرام میں غیر مسلم لڑکے اور لڑکیاں جو نابینا ہیں شرکت کیں۔ جنیلا راجیش جو سابقہ کارپوریٹر و ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر ہیں اپنی معذور (گونگی) لڑکی اور افراد خاندان کو لئے رشتے کے لئے پروگرام میں پہنچے اور خوشنودی کا اظہار کیا اور کہاکہ دونوں شہروں میں شادیوں کے رشتوں کے لئے اس نوعیت کا پروگرام میں نے پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ انھوں نے آئی آئی سی ڈی اور سیاست کو مبارکباد دی اور کہاکہ یہ ملک اُسی وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے جبکہ ہندو، مسلم اور دیگر طبقات مل جل کر کام کریں۔ اس پروگرام میں 235 لڑکے اور لڑکیوں کے رجسٹریشن ہوئے جس میں سے 40 غیر مسلم لڑکے و لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ اس پروگرام کی تمام کارروائی کو اشارے کی زبان میں یاسمین اختر اور نازیہ بیگم نے بحسن و خوبی پیش کیا۔ اس موقع پر سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے ڈاکٹر ایوب حیدری، میر انورالدین، ڈاکٹر ناظم علی، عبداللہ بن حازق، ڈاکٹر سیادت علی، الیاس باشاہ، خدیجہ سلطانہ، ڈاکٹر دردانہ، سیدہ محمدی، فہمیدہ حیدری، لطیف النساء اسد، محمد نصراللہ خان اور دیگر نے والدین کی رہبری و رہنمائی کی اور والینٹرس کے فرائض انجام دیئے۔ اس کے ساتھ آئی آئی سی ڈی کے اراکین شیخ ذکی الدین، منیر احمد، محمد یوسف، وقار الرحمن، منجولا، ماریہ فرحان، سورنا، سریناتھ، عبدالقدیر، سلمیٰ اور دیگر نے بھرپور حصہ لیا۔ اس دو بہ دو ملاقات پروگرام میں حافظ عرشیہ
النساء (نابینا) جو آئی آئی سی ڈی کی انسٹرکٹر ہے۔ اُن کے والدین نے رشتہ کے لئے بائیو ڈاٹا داخل کیا۔ اس کے علاوہ نواب غلام حیدر (حافظ قرآن) ، فرزانہ بی، سجن لتا، وینکٹیش کے والدین نے بائیو ڈاٹا داخل کیا۔ جناب سید تبریز بخشی نے کارروائی چلائی۔ جناب ضیاء الدین بیگ نے سورہ لقمان کی تذکیر سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر نے انتظامات کی نگرانی کی۔