سنجو کا شاٹ سلیکشن مایوس کن رہا: سنیل گواسکر

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے لیجنڈری بیٹر سنیل گواسکر نے ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران سنجو سیمسن کے شاٹ سلیکشن پر مایوسی کا اظہار کیا۔ منگل کو پہلے ٹی20 کے دوران، سیمسن کو ساتویں اوورکی تیسری گیند پر زندگی ملی کیونکہ فیلڈر نے ڈیپ مڈ وکٹ پر کیچ لینے کا موقع گنوا دیا لیکن اوور کی پانچویں گیند پر سیمسن ایک زبردست پار دی لائن ہوک کی کوشش کی اور لیڈنگ ایج پر دھننجایا ڈی سلوا کی گیند پر شارٹ تھرڈ مین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے اور وہ صرف پانچ رنز ہی بنا پائے۔ گواسکر نے کہا کہ وہ بہت اچھا کھلاڑی ہے۔ سنجو سیمسن کے پاس بہت زیادہ صلاحیت ہے لیکن اس کا شاٹ سلیکشن کبھی کبھی مایوس کردیتا ہے۔ یہ ایک اور موقع ہے جہاں اس نے مایوس کیا ہے۔میچ کے دوران گواسکر نے کہا ہے کہ 28 سالہ سیمسن نے سری لنکا کی اننگز کے آغاز میں بھی غلطی کی، جب انہوں نے کپتان ہاردک پانڈیا کی گیند پر تعاقب کی صرف دوسری گیند پر مڈ آف پر پاتھم نسانکا کا کیچ چھوڑا۔ انہوں نے کوسل مینڈس اور ڈی سلوا کے کیچ لے کر ضائع ہونے والے موقع کو پورا کیا۔ سیمسن کے بارے میں بات کرتے ہوئے، سابق اوپنرگوتم گمبھیر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دائیں ہاتھ کے بیٹر ٹی20 ٹیم میں اپنے امکانات کو مستحکم کرلیں ۔ہم سب اس کے بارے میں بات کرتے ہیں کہ اس کے پاس کتنی صلاحیت ہے لیکن اسے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔