ہربھجن سنگھ نے سلیکشن کمیٹی کو تبدیل کرنے گنگولی سے مطالبہ کردیا
نئی دہلی ۔26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تجربہ کار اسپنر ہربھجن سنگھ اور لوک سبھا رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے ویسٹ انڈیز کے خلاف محدود اوورزکی آئندہ سیریز سے سنجو سیمسن کو نظر انداز کرنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سلیکشن پینل پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی سے سلیکشن کمیٹی کو تبدیل کرنے کی اپیل کی ہے۔ ہربھجن نے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی میں مضبوط لوگ ہونے چاہئیں۔ایم ایس کے پرساد کی زیر قیادت سلیکشن کمیٹی نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز سیریز کے لئے ٹیم منتخب کی ہے جس میںسنجو سیمسن کا انتخاب نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد سلیکشن کمیٹی کی کافی تنقید ہو رہی ہے۔سنجو کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز میں جگہ ملی تھی لیکن وہ گیارہ کھلاڑیوںمیں نہیں شامل نہیں ہوسکے ۔ سیمسن کو ٹیم سے ہٹائے جانے کے بعد تروننتپورم سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا، سنجو سیمسن کو بغیر موقع دئیے ہٹا دیا گیا ہے اس بات سے کافی مایوس ہوں۔