سنجیویا پارک میں کیمرہ لیجانے پر ایک ہزار روپئے فیس وصول

   

سیاحوں کا اعتراض ، سیر و تفریح کو آنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی کمی
حیدرآباد۔11نومبر(سیاست نیوز) شہر میں موجود سنجیویا پارک میں کیمرہ لیجانے کیلئے اب 1000 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ نکلس روڈ پر واقع اس پارک میں کیمرہ لیجانے کی فیس شہر کے کسی بھی پارک یا تاریخی مقام سے زیادہ ہے اور پارک کو تفریح کے لئے پہنچنے والے خاندان اور سیاح کیمرے کے بجائے موبائیل کیمرہ کے ساتھ پارک میں جانے لگے ہیں جس پر کوئی روک ٹوک نہیں ہے۔ سنجیویا پارک جو کہ بدھا پورنیما پراجکٹ کے تحت ہے اس پارک میں اس قدر بھاری فیس کیمرہ کیلئے نافذ کئے جانے پر سیاحوں کی جانب سے اعتراض کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ شہر میں کسی بھی پارک یا تاریخی مقام پر کیمرہ لیجانے کیلئے اتنی زیادہ فیس نہیں ہے بلکہ نہرو زوالوجیکل پارک میں کیمرہ کی فیس 100روپئے رکھی گئی ہے۔بتایاجاتاہے کہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے پہلی مرتبہ ماہ ستمبر میں پارک میں کیمرہ لیجانے پر فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیاگیا اس وقت سے پارک میں یومیہ ٹکٹ کی فروخت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ سنجیویا پارک کو بچوں اور خاندانی پارک کے طور پر فروغ دئیے جانے کے بعد سے ہی پارک میں تفریح کیلئے پہنچنے والوں کی تعداد میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اب ٹکٹ کی فروخت سے یومیہ صرف 1000 سے 2000 روپئے ہی وصول ہورہے ہیں جبکہ اس سے قبل اس پارک میں یومیہ 10 ہزار سے 12ہزار روپئے صرف ٹکٹ کی فروخت سے وصول ہوا کرتے تھے۔حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیدار نے بتایا کہ پارک کو بچوں اور خاندان کے پارک میں تبدیل کئے جانے کے بعد سے تفریح کیلئے پہنچنے والوں کی تعداد میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ سابق میں پارک پہنچنے والوں کی تعداد کم از کم 1000ہوا کرتی تھی اور ہفتہ کے آخری دنوں میں یہ 1200 تک پہنچا کرتی تھی لیکن اب پارک پہنچنے والوں کی تعداد 200سے تجاوز نہیں کررہی ہے۔اب جبکہ پارک پہنچنے والوں کی تعداد 200 ہوچکی ہے اس پر اگر کیمرہ کیلئے 1000 روپئے وصول کئے جانے لگیں گے تو ایسی صورت میں حالت مزید ابتر ہوجائی گی اور پارک کی آمدنی میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ شہر حیدرآباد کے مختلف تفریح گاہوں اور سیاحتی مقامات پر کیمرہ لیجانے کیلئے علحدہ علحدہ فیس رکھی گئی ہے اور فیس میں موجود اس فرق کو کم کرنے کی ضرورت کے سلسلہ میں اعلی عہدیداروں کو واقف کروایاجاچکا ہے لیکن اس سلسلہ میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جس کے سبب پارک کی آمدنی میں کمی واقع ہوتی جا رہی ہے۔ سالار جنگ میوزیم اور نہرو زوالوجیکل پارک میں بھی علی الترتیب 50 اور 100 روپئے کیمرہ لیجانے کیلئے وصول کئے جاتے ہیں لیکن سنجیویا پارک میں 1000 روپئے فیس رکھے جانے سے خاندانوں کی آمد میں بھی کمی واقع ہونے کا خدشہ ہے۔