سنجے راوت سے ای ڈی کی 10 گھنٹے پوچھ تاچھ

,

   

نئی دہلی : شیوسینا ایم پی سنجے راوت سے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلہ میں تقریباً 10 گھنٹے سوالات کئے ۔ راوت جنوبی ممبئی میں بلارڈ اسٹیٹ میں واقع دفتر ای ڈی کو صبح 11.30 بجے پہنچے ۔ وہ وہاں سے رات 9.30 بجے روانہ ہوئے ۔ دفتر سے باہر آنے کے بعد راوت نے کہا کہ وہ تحقیقاتی ادارے سے تعاون کریں گے ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اس ایجنسی کا کام تحقیقات کرنا ہے ۔ ہماری ذمہ داری ان کی تحقیقات میں تعاون کرنا ہے ۔ میں یہاں اس لئے آیا کیونکہ انہوں نے مجھے بلایا اور میں ای ڈی کے ساتھ جاری رکھوں گا ۔ یہ کیس پتراچال کے نام سے ایک ہاؤزنگ کامپلکس کے ری ڈیولپمنٹ میں مبینہ اسکام کے بارے میں ہے ۔ اپریل میں ای ڈی نے راوت کی فیملی کی املاک بھی اسی کیس کے سلسلہ میں قرق کرلئے تھے ۔ یہ پوچھ تاچھ مہاراشٹرا میں شدید سیاسی اتھل پتھل کے پس منظر میں ہورہی ہے۔ ریاست میں زبردست سیاسی بحران کے نتیجہ میں ادھو ٹھاکرے زیرقیادت مخلوط حکومت گرگئی اور نئی حکومت تشکیل پائی ہے جس کی قیادت شیوسینا سے بعاوت کرنے والے ایکناتھ شنڈے کررہے ہیں ۔ اب بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس ڈپٹی سی ایم ہے ۔