سنجے راوت کا دعویٰ: راہول گاندھی پر ہوسکتا ہے حملہ

   

بیرون ملک سازش جاری ، انڈیا بلاک کے دیگر قائدین بھی نشانہ

ممبئی : شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعہ کو بی جے پی کی مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ایک بڑی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی پر حملہ ہوسکتا ہے۔سنجے راوت نے کہا کہ راہول گاندھی اور انڈیا بلاک کے ارکان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ راوت نے کہا کہ راہول لوک سبھا میں جمہوریت کی آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو آئینہ دکھانے کا کام کیا ہے۔ اس لیے انہیں دوبارہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، ہم تیار ہیں۔ بی جے پی اپنی اکثریت کھو چکی ہے، ایسا لگتا ہے کہ وہ غیر آئینی کام کرنے کی لت سے آزاد نہیں ہو رہی ہے۔راہول گاندھی اور ہم سب کیخلاف سازش کی جارہی ہے۔ یہ سازش یہاں نہیں بیرون ملک ہو رہی ہے۔سنجے راوت یہیں نہیں رکے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ کسی روز راہول گاندھی پر حملہ ہو سکتا ہے، اس کے بعد ہم پر حملہ ہو سکتا ہے۔ نریندر مودی اور امیت شاہ کو راہول گاندھی اور انڈیا بلاک نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ راہول گاندھی نے اس حکومت کو نیندیں اڑا دی ہیں، لیکن پھر بھی غنڈوں کی مدد سے ہم پر حملہ کیا جا سکتا ہے۔