سنجے سنگھ پارلیمانی پارٹی کے صدر مقرر

   

نئی دہلی ۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو پارلیمانی پارٹی کا صدر مقرر کیا ہے۔ سنجے سنگھ پر پارٹی کی ذمہ داری بھی ہے، کیونکہ پارٹی سپریمو اروند کیجریوال ایکسائز پالیسی مقدمہ میں جیل میں ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج کمارگپتا نے راجیہ سبھا کے چیئرمین کو ایک خط لکھ کر بتایا ہے کہ سنجے سنگھ کو پارلیمانی پارٹی کا صدر مقررکیا گیا ہے۔ سنجے سنگھ نے2012 میں پارٹی کی بنیاد رکھنے کے فوراً بعد عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیارکی اور جلد ہی پارٹی کے سب سے نمایاں اور بااثر رہنماؤں میں سے ایک بن گئے۔ سنجے سنگھ پہلی بار2018 میں راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے اور اس سال دوبارہ منتخب ہوئے تھے۔ راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر سنجے سنگھ نے عام آدمی پارٹی کے قانون سازی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اتحاد بنانے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔