ہوبارٹ،2 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی آل راؤنڈر واشنگٹن سندر نے لوور آرڈر میں صرف 23 گیندوں میں 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے نہ صرف تیز رفتار 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی بلکہ یہاں ہندوستان کی پانچ وکٹوں کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ۔ایک موقع پر ہندوستان 14.2 اوورس میں 145/5 رنز پر تھا اور آسٹریلیا مقابلے پر گرفت مضبوط کررہا تھا تو سندر نے اپنی ایک شاندار اننگز سے مقابلے کا رخ بدل دیا ۔دیگر بیٹرس میں جیتش شرما نے 13 گیندوں میں 22 رنزکی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ ابھیشک شرما 25 ، گل 15 ، سوریا کمار یادو 24 اور تلک ورما 29 نے اچھی شروعات کی لیکن بڑی اننگز میں ناکام رہے ۔ قبل ازیں ٹم ڈیوڈ (74) اور مارکس اسٹونیس (64) کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے اتوار کو تیسرے ٹی 20 میں ہندوستان کو جیتنے کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی، 14 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں۔ ٹریوس ہیڈ (6) اور جوش انگلس کو ایک ایک رن پر ارشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آئے ٹم ڈیوڈ نے کپتان مچل مارش کے ساتھ مل کر اننگز کو مستحکم کیا اور تیزی سے رنز بنائے ۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے ۔ ورون چکرورتی نے نویں اوور میں مچل مارش (11) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ ورون نے اسی اوور میں مچل اوون (0) کو بھی آؤٹ کیا۔ اگلے بلے بازی کے لیے آنے والے مارکس اسٹونیس نے ٹم ڈیوڈ کے ساتھ شاندار اننگ کھیلی، جس سے ٹیم کا اسکور 118 تک پہنچا۔ اسی دوران شیوم دوبے نے ٹم ڈیوڈ کو تلک ورما کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو پانچویں وکٹ دلائی۔ ٹم ڈیوڈ نے 38 گیندوں پر پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے ۔ ارشدیپ سنگھ نے 20ویں اوور میں مارکس اسٹونیس کو آؤٹ کر کے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔ مارکس اسٹونیس نے 39 گیندوں میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 186 رنز بنائے ۔ میتھیو شارٹ 26 اور زیویئر بارٹلیٹ تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ورون چکرورتی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔