کلنگ (سنگاپور)۔ ہندوستانی شٹلرز پی وی سندھو اور ایچ ایس پرنائے اپنے پہلے راؤنڈ کے میچوں میں شکست کے بعد سنگاپور اوپن 2023 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ کدامبی سری کانت منگل کو یہاں دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ دفاعی چمپئن کے طور پر ٹورنمنٹ میں آنے والی سندھوکو خواتین کے سنگلز کے ابتدائی راؤنڈ سوپر750 ایونٹ میں موجودہ عالمی چمپئن اور نمبرایک جاپان کی اکانے یاماگوچی سے 21-18، 19-21،17-21 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یاماگوچی کے خلاف یہ سندھو کی دسویں شکست تھی لیکن وہ اب بھی جاپانی کے خلاف 14-10 سے آگے ہے۔ سندھو کی شکست نے ہندوستانی مہم کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔دوسری طرف ملائیشیا ماسٹرزکے فاتح پرنائے دنیاکے نمبر3 جاپان کے کوڈائی ناراوکا کے خلاف اپنی شکست کا سلسلہ توڑنے میں ناکام رہے کیونکہ انہیں مردوں کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں 21-15، 21-19 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پرنائے کی جاپانی شٹلر کے خلاف اتنے ہی میچوں میں یہ چوتھی شکست تھی۔ دریں اثنا، تجربہ کار سری کانت اور مردوں کے ڈبلز میں ایم آر ارجن اور دھروکپیلا کی جوڑی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی۔ عالمی نمبر23 سری کانت نے عالمی نمبر29 تھائی لینڈ کے کانٹافون وانگچاروئن کو21-15، 21-19 سے شکست دی جبکہ مردوں کے ڈبلز میں ارجن اور دھرو کی جوڑی نے فرانسیسی جوڑی لوکاس کوروی اور رونن لابرکو 21-16، 21-15 سے شکست دی۔ سائنا نہوال اور لکشیا سین دن کے آخر میں ایکشن میں ہوں گے۔ سائنا کا مقابلہ ساتویں نمبرکی تھائی شٹلر رتچانوک انتانون سے ہوگا اور سین اپنی مہم کا آغاز چائنیز تائپے کی چو ٹیئن چن کے خلاف کریں گی۔ دنیاکی نمبر 4 مردوں کی ڈبلز جوڑی ستوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی اورکامن ویلتھ گیمزمیں برونز میڈلجیتنے والی خواتین کی ڈبلز جوڑی گایتری گوپی چند اور ٹریسا جولی بدھ کو اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔