سندھوکی ملائیشیا اوپن کے سیمی فائنل میں رسائی

   

Ferty9 Clinic

کوالالمپور،9 جنوری (آئی اے این ایس) ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے ملائیشیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے خواتین سنگلز مقابلے کے سیمی فائنل میں اس وقت رسائی حاصل کی، جب جمعہ کے روز اسٹیڈیم اکسیاتا ایرینا میں ان کی جاپانی حریف اکانے یاماگوچی زخمی ہونیکے باعث میچ ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں۔ دو بارکی اولمپک میڈل یافتہ سندھو اس وقت میچ میں 21۔11 سے سبقت حاصل کیے ہوئے تھیں، جب موجودہ عالمی چمپئن یاماگوچی نے چیئر امپائرکو بتایا کہ تکلیف کے باعث ان کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے اور وہ مقابلہ جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔ یاماگوچی، جوگھٹنے پر پٹی باندھ کر میدان میں اتری تھیں، ابتدا ہی سے غیر آرام دہ نظر آئیں، جبکہ سندھو نے تیزی کے ساتھ 10-2 کی برتری حاصل کر لی۔ جاپانی کھلاڑی آزادانہ طور پر حرکت کرنے میں مشکلات کا شکار دکھائی دیں اور ان کے کئی شاٹس لائن سے باہر جانے پر مایوسی واضح تھی۔ اگرچہ ان کی حکمت عملی سندھو کو بیک کورٹ میں دھکیلنے کی رہی، جس کے نتیجے میں انہیں 11 پوائنٹس ملے، تاہم غیر ضروری غلطیوں کی کثرت کے باعث وہ مقابلے پر خاطر خواہ اثر نہ ڈال سکیں۔ سندھو نے صرف12 منٹ میں پہلا گیم اپنے نام کیا، جس کے بعد جاپانی کھلاڑی نے میچ چھوڑدیا، اس کے بعد سندھو کو تین برس بعد اپنا پہلا سوپر 1000 سیمی فائنل کھیلنے کا موقع مل گیا۔ سندھو آٹھ برس بعد پہلی مرتبہ ملائیشیا اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچیں ہیں اور اب ان کا مقابلہ یا تو چھٹی سیڈ انڈونیشیا کی پوتری کوسوما وردانی سے ہوگا یا دوسری سیڈ چین کی وانگ ڑی یی سے۔ جمعرات کو سندھو نے19 سالہ تو موکا میازاکی کو 33 منٹ میں 21-8، 21-13 سے شکست دے کر سیزن کے اپنے پہلے سوپر 1000 کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ دوسری جانب، دن کے اختتام پر دو بار کے عالمی چمپئن شپ میں برونز میڈل حاصل کرنے والے چراغ شیٹی اور ستوک سائی راج رنکی ریڈی کا مقابلہ انڈونیشیا کی چھٹی سیڈ جوڑی فجر الفیان اور محمد شوہیبْل فکری سے طے ہے۔ تیسری سیڈ ہندوستانی جوڑی نے جمعرات کو ملائیشیا کے جنائدی عارف اور رائے کنگ یاپ کو 39 منٹ میں 21-18، 21-11 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستانی جوڑی نے ملائیشین جوڑی کے خلاف اپنے ایک دوسرے کے خلاف ریکارڈکو 4۔0 تک بڑھا دیا۔ ان سے ایک ٹرافی کی امید ہے ۔