نئی دہلی ۔ 25 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کوریا اوپن میں ہندوستان کے لئے مایوس کن دن رہا کیونکہ پہلے ہی مرحلہ میں سائنا نہوال ، پی وی سندھو اور سائی پرینیت کو شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ پروپلی کیشپ نے ایک آسان کامیابی درج کی ۔ کیشپ نے مقامی کھلاڑی لوچیا ہانگ کو بہ آسانی 42 منٹوں کے مقابلے میں 21-16 ، 21-16 سے شکست دی ۔ پہلے مرحلہ کے مقابلے میں جن کھلاڑیوں کو مایوس کن اخراج برداشت کرنا پڑا ان میں عالمی چمپیئن سندھو ہیں جنھیں امریکی کھلاڑی بجوان زونگ کے خلاف 7-21، 24-22، 15-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ علاوہ ازیں سائی پرینیت اور سائنا کو مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا ۔ عالمی چمپیئن اور برونز میڈلسٹ سائی مقابلے سے دستبردار ہونے سے قبل 9-21، 7-1 سے پیچھے تھے ، پیر کی تکلیف کے باعث انھیں ڈنمارک کے پانچویں درجہ کے کھلاڑی اینڈریز انٹون سین کیخلاف مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا ۔ لندن اولمپک میں برونز میڈل حاصل کرنے والی ہندوستانی کھلاڑی سائنا نہوال نے جنوبی کوریا کی کم گا یانگ کیخلاف مقابلے میں 21-19 ، 18-21 اور 1-8 سے پیچھے رہنے کے بعد دستبرداری اختیار کی ۔ سائنا کے شوہر اور شخصی کوچ کیشپ نے کہا ہے کہ سائنا نے اس مقابلے سے اس لئے دستبرداری اختیار کی کیونکہ انھیں گیاس کا مسئلہ درپیش ہوا تھا ۔ انھوں نے کہا کہ گیاس کا مسئلہ انھیں گزشتہ برس سے پریشان کررہا ہے جبکہ گزشتہ روز وہ تھکان محسوس کرنے کے علاوہ قئے بھی کرچکی تھی جس کے باعث انھیں دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا جہاں سے وہ سیدھے میدان پہونچیں تھیں ۔ کیشپ نے مزید کہا کہ صد فیصد فٹ نہ ہونے کے باوجود سائنا نے بہتر مظاہرہ کیا اور مقابلے کو تین گیمس تک لے گئیں۔