کوالالمپور ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اولمپکس میں ہندوستان کیلئے میڈلس حاصل کرنے والی پی وی سندھو اور سائنا نہوال کو ناکامیوں کے بعد ملیشیا ماسٹرس سے باہر ہونا پڑا ہے اور انہیں کوارٹر فائنلس میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ ورلڈ چمپئن سندھو جنہوں نے آج کے ابتدائی مقابلہ میں میدان سنبھالا لیکن انہیں سوپر 500 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ میں سرفہرست کھلاڑی ٹائی ٹو ینگ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ سائنا کے پاس حریف کھلاڑی کیرولینا مارین کے مظاہروں کا جواب نہیں تھا۔ سائنا کو مارین نے صرف 30 منٹوں میں 8-21,7-21 سے شکست دی جبکہ عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز ینگ نے ریو اولمپکس کی سلور میڈلسٹ سندھو کو 21-16 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں اس ناکامی کے بعد سندھو کا لنگ کے خلاف ریکارڈ 12-5 کا ہوگیا ہے۔ سندھو کی یہ ینگ کے خلاف متواتر دوسری شکست تھی جیسا کہ انہیں فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل میں بھی گذشتہ برس اکٹوبر میں ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی۔ بعدازاں سائنا اور مارین میدان میں مدمقابل ہوئی اور دونوں کے درمیان فتوحات کے ریکارڈس 6-6 تھے لیکن کامیابی کے بعد مارین نے ریکارڈ مزید بہتر کرلیا ہے۔