سندھو اور سریکانت کا انڈونیشیا اوپن میں متاثرکن مظاہرہ

   

جکارتہ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سرفہرست بیاڈمنٹن کھلاڑی کڈمبی سریکانت اور پی وی سندھو نے یہاں انڈونیشیا اوپن میں متاثرکن مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب آغاز کیا ہے۔ ایک مہینہ کا طویل وقفہ لینے کے بعد سندھو اور سریکانت نے جاپانی حریف کھلاڑیوں آیااوہوری اور کینٹا نشی موٹو کے خلاف پہلے مرحلے کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پانچویں درجہ کی سندھو جو کہ رواں سیزن اپنے پہلے خطاب کے تعاقب میں ہیں، انہوں نے اوہوری کو 11-21، 21-15، 21-15 سے شکست دی جبکہ آٹھویں درجہ کے سریکانت جنہوں نے رواں برس انڈیا اوپن کے خطابی مقابلہ میں شکست برداشت کی ہے۔ انہوں نے نشی موٹو کو 38 منٹوں کے مقابلے میں 21-14، 21-13 سے شکست دی ہے۔ سندھو جنہوں نے اپنی حریف کے خلاف متواتر ساتویں کامیابی حاصل کی ہے، تو دوسری جانب سریکانت کو نشی موٹو کے خلاف گزشتہ چھ مقابلوں میں صرف ایک ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے۔