سندھو اور سری کانت انڈونیشیا ماسٹرز پری کوارٹر فائنل میں داخل

   

جکارتہ، 21 جنوری (آئی اے این ایس) سابق عالمی چمپئن پی وی سندھْوکو چہارشنبہ کو یہاں انڈونیشیا ماسٹرز کے افتتاحی راؤنڈ میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے جاپان کی مانامی سْوئزو کو راست گیمز میں شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ پہلے گیم میں سندھْو کا آغاز حیران کن طور پرکمزور رہا اور وہ مڈ گیم بریک تک 2۔11 سے پیچھے تھیں۔ انہیں چارگیم پوائنٹس کا دفاع کرنا پڑا، لیکن انہوں نے مسلسل چھ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پہلا گیم 22۔20 سے اپنے نام کر لیا۔ دوسرے گیم میں سندھْو ابتدا سے برتری حاصل کیے رہیں، تاہم وہ سْوئزو پر واضح دباؤ قائم نہیں کر سکیں اور بالآخر یہ گیم 21۔18 سے جیت لیا۔ ہندوستانی اسٹارکھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں یا تو ڈنمارک کی لین کیئرزفیلڈٹ یا چین کی ہان چیان شی سے مقابلہ کریں گی۔ دریں اثناء سابق عالمی نمبر ایک کڈمبی سری کانت جو گزشتہ برس ملائیشیا ماسٹرز اور سید مودی انٹرنیشنل کے فائنل تک پہنچے تھے، انہوں نے پہلے راؤنڈ میں جاپان کے کوکی واتانابے کے خلاف سنسنی خیز مقابلہ کھیلا اور 21۔15، 21۔23، 24۔22 سے کامیابی حاصل کی۔ سری کانت نے پہلے گیم میں جارحانہ شاٹس کے ذریعے مضبوط آغاز کیا، لیکن دوسرے گیم میں غیر ضروری غلطیوں کے باعث ان کی کارکردگی متاثر ہوئی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واتانابے نے مقابلہ برابرکردیا۔ تیسرے گیم میں سری کانت نے 7۔4 کی برتری حاصل کی، مگر دوبارہ غلطیوں کی وجہ سے وہ جاپانی کھلاڑی پر مکمل غلبہ حاصل نہ کر سکے۔ تاہم اہم لمحات میں ان کی جارحانہ اسٹروک پلے نے انہیں فتح دلا دی اور وہ واتانابے کو قابو میں رکھنے میں کامیاب رہے۔ سری کانت اب دوسرے راؤنڈ میں چوتھے سیڈ چو ٹین چن سے مقابلہ کریں گے۔