چانگژو، 23 جولائی (آئی اے این ایس)۔ دو بار کی اولمپک میڈل یافتہ ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو نے چائنا اوپن کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف16) میں جگہ بنالی ہے، جہاں انہوں نے جاپان کی چھٹی سیڈ ٹوموکا میازاکی کو سخت مقابلے کے بعد 21-15، 8-21، 21-17 سے شکست دی۔ سندھو نے میچ کا شاندار آغازکیا اورمقابلے پر مکمل کنٹرول و اعتماد کے ساتھ 6-2 کی برتری حاصل کرلی۔ اْن کے درست لنجز اور بروقت لفٹس نے شٹل کو مؤثر طریقے سے کھیل میں رکھا۔ اْن کی سبقت 10-5 اور پھر 16-9 تک پہنچ گئی۔ اگرچہ میازاکی نے آخری لمحات میں واپسی کی کوشش کی، لیکن سندھو کی ابتدائی برتری نے اْنہیں پہلا گیم 21-15 سے جیتنے میں مدد دی۔ دوسرے گیم میں میازاکی نے اپنی تال حاصل کی اور قریبی مقابلے کے بعد 11-7 کی سبقت کے ساتھ وقفے پرگئیں۔ اْس کے بعد وہ مکمل طور پر حاوی رہیں اور 21-8 سے گیم جیت کر میچ کو فیصلہ کن گیم تک لے گئیں۔ تیسرے اور آخری گیم میں سندھو نے شاندار انداز میں واپسی کی اور 5-1 کی برتری حاصل کی، میازاکی کی متعدد غلطیوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ وقفے کے وقت تک سندھو 11-2 سے آگے تھیں۔ اگرچہ میازاکی نے مخالف سمت سے واپسی کی کوشش کی، سندھو نے مضبوطی سے مقابلہ کیا اور 17-9 کی برتری حاصل کی، آخرکار 62 منٹ میں میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ سال 2025 کا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور اب تک سندھو کے لیے چیلنجنگ رہا ہے۔ سال کا اْن کا بہترین نتیجہ جنوری میں انڈیا اوپن کے کوارٹر فائنل تک رسائی تھا، جس کے بعد وہ چار بار پہلے راؤنڈ میں اور دو بار راؤنڈ آف 16 میں ہار چکیں۔ پچھلے ہفتے وہ جاپان اوپن کے پہلے راؤنڈ میں کوریا کی سم یو جن سے 15-21، 14-21 سے ہارگئی تھیں، جو اْن کی پانچویں پہلے راؤنڈ کی شکست تھی۔ میچ کے بعد سندھو نے کہا یہ میرے لیے بہت اہم جیت تھی، خاص طور پر اْن کے خلاف جیتنا مشکل تھا۔ پہلا راؤنڈ عبور کرنا بہت ضروری تھا اور خوشی ہے کہ میں کامیاب رہی۔ تیسرا گیم بہت اہم تھا، کیوں کہ ایک سائیڈ فائدہ مند تھی اور ایک نقصان دہ، اس لیے آغاز سے ہیسبقت لینا ضروری تھا۔ دوسرے گیم میں کنٹرول مشکل ہوگیا تھا، لیکن تیسرے گیم میں میں نے ابتدا سے سبقت لی اور پھرکورٹ بدلا۔ مجھے اپنی برتری برقرار رکھنی تھی، چاہے وہ دو، تین یا چار پوائنٹس کی ہی ہو، اور مسلسل اسی رفتار سے کھیلنا تھا۔ یہ سندھو اور18 سالہ میازاکی کے درمیان دوسرا مقابلہ تھا، پچھلے سال سوئس اوپن میں جاپانی کھلاڑی نے سندھو کو شکست دی تھی۔ مردوں کے ڈبلز مقابلے میں، ستوِک سائی راج رینکی ریڈی اور چِراگ شیٹی کی جوڑی نے شاندارکھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے کینیا مِتسوہاشی اور ہیروکی اوکامورا کو راست گیمز میں 21-13، 21-9 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنالی۔ خواتین کے ڈبلز میں رْتاپرنا اور سویتاپرنا کو ہانگ کانگ چائنا کی تجربہ کار جوڑی کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔