حیدرآباد: کوروناوائرس کے پریشان کن ماحول، غیریقینی صورتحال اور الجھن بھرے حالات میں پی وی سندھو نے ٹوکیو اولمپکس پر مرکوز کی جانے والی اپنی توجہ کو متزلزل ہونے نہیں دیا ہے بلکہ وہ 23 جولائی تا 8 اگست منعقد شدنی ٹوکیو اولمپکس میں بہتر مظاہروں پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے پرسکون نظر آنے والی پی وی سندھو نے کہا کہ یقینی طور پر یہ ایک مختلف اولمپک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف زاویوں سے یہ اولمپکس مختلف ہوگا کیونکہ اس میں کھلاڑیوں کو بایوببل میں سخت ترین احتیاطی تدابیر کے ساتھ وقت گزارنے کے علاوہ چہروں پر ماسک، ہاتھوں کی صفائی کیلئے سنیٹائزر اور قرنطینہ میں وقت گزارنے کے علاوہ شائقین سے خالی میدانوںمیں مقابلے کرنے ہوں گے۔ ان تمام حالات میں کھیل پر توجہ مرکوز کرنا آسان نہیں ہوگا لیکن کھلاڑیوں کو اب ان حالات کی عادت ڈالنی ہوگی۔ ریو اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کرنے والی سندھو نے وزارت اسپورٹس ایس اے آئی اور ٹی او ٹی ایس سے کھلاڑیوں کو ملنے والی سہولیات اور امداد کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت کھلاڑی مجھے اولمپکس کی تیاری میں کسی قسم کی دقت محسوس نہیں ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراسپورٹس کرن رجیجو نے مجھے کہا ہیکہ اگر کسی چیز کی ضرورت ہوتو مطلع کریں۔ 25 سالہ عالمی چمپئن کھلاڑی سندھو نے کہا کہ اولمپک میں ایک مختلف انداز کا ہی دباؤ ہوتا ہے۔ 2016ء ریو اولمپکس کے حالات بھی مختلف تھے اور 4 سال قبل میں نے اپنا پہلا اولمپک کھیلا تھا۔