سندھو کو دوسرے ہی راونڈ میں حیران کن شکست

   

نئی دہلی ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپئن اور خطاب کی مضبوط دعویدار ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو چائنا اوپن سوپر 1000 ٹورنمنٹ میں حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی اور انہیں دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں تھائی لینڈ کی پورن پاوی چھوچھوانگ کے خلاف بہتر آغاز کے باوجود شکست برداشت کرنی پڑی۔ تھائی لینڈ کی حریف نے سندھو کو 12-21,21-13,21-19, سے شکست دی۔ 50 منٹوں طویل اس مسابقتی مقابلہ میں سندھو نے آغاز بہترین کیا تھا اور ابتداء میں ہی 3-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی جس کے بعد اس موقع پر سندھو نے اسکور 7-1 کرلیا تھا لیکن اس کے بعد پورن پاوی نے متواتر نشانات حاصل کرتے ہوئے اسکور 10-11 سے مسابقتی بنا دیا تھا۔ بعدازاں سندھو نے متواتر 8 نشانات حاصل کرتے ہوئے 19-10 کی سبقت کے ساتھ پہلا گیم آسانی کے ساتھ اپنے نام کرلیا۔ دوسرے گیم میں تھائی لینڈ کی کھلاڑی نے اپنا کھیل تبدیل کرتے ہوئے ابتداء میں 5-1 کی سبقت بنائی لیکن سندھو نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے اسکور کو 7-9 کیا جس کے بعد نوجوان تھائی لینڈ کی کھلاڑی نے مقابلہ میں تیز رفتاری دکھاتے ہوئے 15-7 کی سبقت حاصل کی جس کے بعد انہوں نے مقابلہ میں پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ سندھو کو اس مقابلہ میں شرکت سے قبل حریف کھلاڑی کے خلاف 3-0 فتوحات کا ریکارڈ حاصل تھا اور گذشتہ ٹورنمنٹ میں عالمی خطاب جیتنے کے بعد سندھو کو مقابلے اور ٹورنمنٹ کیلئے پسندیدہ موقف حاصل تھا لیکن پورن پاوی کے خلاف شکست ہندوستانی کھلاڑی کے علاوہ ماہرین کیلئے بھی حیران کن نتیجہ ہے۔