سندھو کی آسان پیشقدمی، سائنا کو شکست

   

چانگ ژوہو (چین) ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپئن پی وی سندھو نے یہاں رواں چائنا اوپن سوپر 1000 ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں آسانی کے ساتھ رسائی حاصل کرلی جبکہ سائنا نہوال کو شکست برداشت کرنی پڑی۔ ہندوستان کی سرفہرست بیڈمنٹن کھلاڑی سندھو نے سابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ لی ژوئی کے خلاف صرف 34 منٹوں میں 21-18,21-12 کی کامیابی حاصل کی۔ ورلڈ چمپئن شپ کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے اولپمک کی سلور میڈلسٹ سندھو نے آسانی سے نہ صرف کامیابی حاصل کی بلکہ حریف کھلاڑی کے خلاف اپنی فتوحات کے ریکارڈ کو 3-3 کو بھی بہتر بنالیا ہے۔ دریں اثناء سائنا کو تھائی لینڈ کی بوسانند کے خلاف خاتون زمرہ کے سنگل راونڈس کے پہلے ہی مقابلہ میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ لندن اولمپکس میں برونز میڈل حاصل کرنے والی سائنا کو 44 منٹ کے مقابلہ میں سخت جدوجہد کرنے کے باوجود عالمی درجہ بندی میں 19 ویں مقام پر فائز حریف کھلاڑی کے خلاف 10-21,17-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ سابق عالمی نمبرایک سائنا کو تھائی لینڈ کی حریف کھلاڑی بوسانند کے خلاف متواتر دوسری مرتبہ شکست برداشت کرنی پڑی۔ 29 سالہ سائنا جوکہ زخموں سے صحتیابی کے بعد میدان میں واپسی کی ہے لیکن وہ اپنا فام حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔ ریو اولمپکس کی سلورمیڈلسٹ سندھو کا اب خواتین کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں کینیڈا کی مشیل لی اور تھائی لینڈ کی پورنپاوی چوچووونگ کے مقابلے کی فاتح کھلاڑی سے ہوگا۔ ہندوستان کے لئے عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی ملک کی واحد بیڈمنٹن کھلاڑی سندھو کا جے روئی کے خلاف کارکردگی ان کے فارم کے مطابق رہی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اس سے پہلے برابری کا ریکارڈ تھا لیکن اس کامیابی سے سندھو نے حریف کیخلاف ہار جیت کا ریکارڈ 4-3 کرلیا ہے ۔