نئی دہلی ۔27 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) بیاڈمنٹن دنیا کی نئی ملکہ پی وی سندھو نے آج یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور اس ملاقات کے دوران مودی نے سندھو کو ہندوستان کا وقار قرار دیا۔ سندھو جنھوں نے اتوار کو سوئزرلینڈ کے شہر بیسل میں منعقدہ ورلڈ چمپیئن شپ میں جاپان کی نوزومی اوکوہارا کو راست گیمس میں 21-7، 21-7 سے شکست دیکر گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بنی ہیں حالانکہ انھوں نے دو مرتبہ سلور میڈل اور ایک مرتبہ برونز میڈل بھی حاصل کیا ۔ سندھو سے ملاقات کے بعد مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھو ہندوستان کا وقار ہے ۔ یہ ایک ایسی چمپیئن کھلاڑی ہے جنھوں نے وطن کے لئے گولڈ میڈل جیتنے کے علاوہ جشن اور وقار کا ماحول فراہم کیا اور میں انھیں ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دینے کے علاوہ مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کرتا ہوں ۔ اس ملاقات میں سندھو کے ساتھ قومی کوچ پلیلا گوپی چند بھی تھے جبکہ وزیر اسپورٹس کرن رجیجوبھی اس موقع پر موجود تھے ۔ یاد رہے عالمی کامیابی کے بعد سندھو سوئزرلینڈ سے پیر کی رات یہاں دہلی ایرپورٹ پر پہنچی جہاں ان کے استقبال کے لئے شائقین کا ایک بڑا ہجوم موجود تھا ۔ میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے سندھو نے کہاکہ میں یقینی طورپر بہت خوش ہوں اور مجھے اپنے ملک پر فخر ہے نیز جس کامیابی کا عرصہ سے مجھے انتظار تھا وہ آخر مل ہی گئی ۔ علاوہ ازیں اس موقع پر وزیر اسپورٹس کرن رجیجو نے سندھو کو ان کی تاریخی کامیابی پر دس لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔