سندھو ہانگ کانگ اوپن میں قیادت کریں گی

   

ہانگ کانگ 8ستمبر (یو این آئی ) دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو منگل کو شروع ہونے والے ہانگ کانگ اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ نمبر 8 سیڈ سندھو کا اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں یورپی چمپئن شپ کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی ڈنمارک کی لائن کرسٹوفرسن سے مقابلہ ہوگا۔ سندھو کے ساتھ خواتین کے سنگلز مین ڈرا میں ہم وطن انوپما اپادھیائے اور رکشیتا رامراج ہیں، جبکہ روتپرنا پانڈا اور شویتپرنا پانڈا خواتین کے ڈبلز زمرہ میں واحد ہندوستانی جوڑی ہیں۔ سندھو کیلئے گزشتہ ماہ پیرس میں بی ڈبلیو ایف ورلڈ چمپئن شپ 2025 کے کوارٹر فائنل میں انٹری اس سال سیزن کے پہلے انڈین اوپن کے ساتھ ساتھ کسی بھی بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور میں ان کی بہترین کارکردگی تھی۔ انڈین اوپن میں اپنی کارکردگی کے بعد سندھو بی ڈبلیو ایف ٹور پر پہلے راؤنڈ میں چار بار ناک آؤٹ ہوئی اور تین بار آخری 16 میں پہنچی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی لکشیا سین بھی مینس سنگلز زمرہ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیں گے ۔ لکشیا کا یہ سیزن چیلنج سے پر رہا ہے۔ سنگلز زمرہ میں ان کے ساتھ ہم وطن ایچ ایس پرنئے اور آیوش شیٹی شامل ہوں گے ، جو اس سال بی ڈبلیو ایف ٹور ٹائٹل جیتنے والے واحد ہندوستانی ہیں۔