سندھیا نے راہول کی یاترا پر تنقید کی

   

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے اتوار کو کانگریس لیڈر کے راہول گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے انہیں یہ سیکھنا چاہئے کہ مراٹھا حکمران مہادجی نے کیسے ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر ہندوستان کو متحد کیا تھا۔ سندھیا نے یہ بات یہاں مہاراشٹرا سدن میں مراٹھا ہندوی سوراج کے قیام کی 252 ویں سالگرہ اور مراٹھا حکمران مہادجی سندھیا کی یوم وفات کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام دہلی وجیوتسو سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں بی جے پی کے قومی ترجمان اور ایم پی سدھانشو ترویدی، سابق انفارمیشن کمشنر ادے ماہورکر، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے دہلی پرانت کاریہ واہ بھارت بھوشن اور دہلی مراٹھی پرتشتھان کے ویبھو ڈانگے موجود تھے ۔ پروگرام کے مرکزی خطاب میں مسٹر سندھیا نے کہا کہ 10 فروری 1771 کا دن ہندوستان کی تاریخ، حال اور مستقبل کے لیے ایک تاریخی اور قابل فخر دن کے طور پر ہمیشہ متاثر کن رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے لال قلعہ کی ایک ایک اینٹ کا سرخ رنگ حب الوطنی کی قربانیوں کے خون سے رنگ کر آیا ہے ۔