نئی دہلی، 3 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا کے کانگریس کو ’کیریکٹر لیس پارٹی‘ کہنے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ، کانگریس ترجمان سپریہ شرینیت نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ جس پارٹی کے بارے میں وہ اس طرح کی بات کر رہے ہیں، ان کا خاندان اسی کی سرپرستی میں پروان چڑھا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ بہار میں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران اسٹیج سے وزیر اعظم نریندر مودی کی ماں کی مبینہ گستاخی کے حوالے سے جیوتیردتیہ سندھیا نے کانگریس کو کریکٹر لیس پارٹی کہا تھا۔ محترمہ سپریہ شرینیت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سندھیا جی، آپ کا ‘سندھیا خاندان’ اسی پارٹی کے سائے تلے پروان چڑھا ہے جسے آپ ’کیریکٹر لیس پارٹی‘ کہہ رہے ہیں۔ آزادی کے بعد، آپ کے دادا جیواجی راؤ سندھیا کو کانگریس پارٹی کی حکومت نے مدھیہ بھارت ریاست کا گورنر بنایا تھا اور آپ کی دادی وجے راجے سندھیا 1967 تک اسی کانگریس پارٹی سے رکن پارلیمنٹ تھیں۔ آپ کے والد مادھو راؤ سندھیا ساری زندگی اس کانگریس پارٹی میں رہے ، ایم پی رہے۔
مرکز میں وزیر رہے اور آپ کے والد کی موت کے بعد آپ خود اس کانگریس پارٹی میں رہے ، آپ چار مرتبہ اسی پارٹی سے ایم پی بنے ، آپ اور آپ کا پورا خاندان اس پارٹی میں رہ کر یہاں تک پہنچا۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد مسٹر سندھیا وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرنے میں مگن ہیں، جب کہ پہلے وہ خود پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر انہیں ‘پاکستان میں بریانی کھانے والاکہتے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو کریکٹر لیس کہنے سے پہلے اپنے کردار کو دیکھ لیجئے ، مہاراج۔