مالکین تھیٹر ملزم نمبر ایک اور الوارجن ملزم نمبر گیارہ اور دیگر کے نام بھی شامل
حیدرآباد ۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) تقریباً ایک سال بعد پولیس نے پشپا 2 ریلیز کے موقع پر پیش آئے سندھیہ تھیٹر سانحہ میں چارج شیٹ کو داخل کردیا۔ پشپا2 کی ریلیز کے موقع پر سندھیہ تھیٹر آر ٹی سی چوراہے پر بھگدڑ مچ گئی تھی اور اس سانحہ میں ایک خاتون فوت ہوگئی تھی جبکہ اس خاتون کا لڑکا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اس معاملہ میں پولیس نے چارج شیٹ کو داخل کرتے ہوئے 23 افراد کو قصوروار مانا ہے اور سندھیہ تھیٹر انتظامیہ کو لاپرواہی کا اقرار کرتے ہوئے لاپرواہی کو بھگدڑ کی وجہ قرار دیا ہے۔ پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں پشپا2 کے اداکار الوارجن کو ملزم نمبر 11 اور سندھیہ تھیٹر کے مالکین کو ملزم نمبر ایک کے طور پر پیش کیا ہے۔ اس کے علاوہ تین منیجروں اور 8 باونسرس کو چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس اہم مقدمہ کی چارج شیٹ میں چار عینی شاہدین کو بھی شامل کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈسمبر میں پشپا2 کی ریلیز کے موقع پر ریورتی نامی خاتون اپنے لڑکے سری تیج کے ہمراہ سندھیہ تھیٹر گئی تھیں۔ اس دوران فلم کے ہیرو کے آنے کے بعد تھیٹر میں بھگدڑ مچ گئی اور اس سانحہ میں ریورتی فوت ہوگئی۔ پولیس چکڑپلی نے الوارجن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جیل منتقل کیا تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شدید زخمی سری تیج کی حالت میں ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بہتری نہیں آئی۔ چارج شیٹ میں جن افراد کے ناموں کو شامل کیا گیا ہے ان میں اے رام ریڈی (مالک) سندھیہ تھیٹر، اے رام ریڈی عرف چنا رام ریڈی پارٹنر، سندیپ، سمیت ونئے کمار، اشوتوش ریڈی، رینوکا دیوی، ارونا ریڈی، پارٹنرس سندھیہ تھیٹر اس کے علاوہ ناگراجو منیجر، گڈم وجے چندرا، بالکونی انچارج، الوارجن ہیرو، جے بی سنتوش منیجر، شارٹ بنی منیجر الوارجن، وجے کمار فیانسی اسوسی ایشن انچارج، محمد پرویز اسسٹنٹ انچارج، ٹی کرن کمار گوڑ، ایونٹ منیجر رمیش پرنسپل سیکوریٹی گارڈ الوارجن سری راملو راجو، سکوریٹی گارڈ الوارجن، ابراہیم محمد، فردوس، باؤنسر اعظم پاشاہ باؤنسر مہیش راج انٹونی ڈیملو اور ستیم مورتی باونسر کے ناموں کو شامل کیا گیا ہے۔ع
