کولکاتا : سندیش کھا لی میں ایک بار پھر خواتین نے احتجاج شروع کردیا ہے ۔خواتین کا الزام ہے کہ پولس غیر قانونی طور پر ان کے گھر والوں کو گرفتارکررہی ہے ۔خواتین پولس کی گاڑی کے سامنے لیٹ کر احتجاج کررہی ہے ۔ان کی شکایت ہے کہ پولس ان کے شوہر اور بیٹوں کو علاقے سے لے گئی ہے ۔ مبینہ طور پر جن لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے ان میں ہائیر سیکنڈری امتحان کے طالب علم بھی شامل ہیں۔بی جے پی مہیلا مورچہ کی جانب سے ایک ٹیم جمعہ کو سندیش کھالی کا دورہ کررہی ہے ۔اس وفد کے دورے کی وجہ سے بی جے پی حامی خواتین میں جوش و خروش ہے ۔گاؤں والوں کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے توڑ پھوڑ کے جھوٹے الزام میں کئی لوگوں کو گرفتار کیا ہے ۔ جب پولیس انہیں گھر سے لے گئی تو گاؤں والوں نے مزاحمت کی۔ سب سے پہلے درختوں کے تنوں کو سڑک پر پھینک کر سڑک بلاک کردیا گیا ہے ۔ اس کے بعد ایک خاتون پولیس کی گاڑی کے سامنے لیٹ گئی۔ پولیس کے ذریعہ اسے ہٹائے جانے کے بعد بی جے پی مہیلا مورچہ کے نمائندے گاؤں کی خواتین کے ساتھ سڑک پر بیٹھ گئے ۔ جب پولیس نے اس مزاحمت کو ہٹایا تو کشیدگی پیدا ہوگئی۔