پیرس،9جون (یو این آئی) ۔ ہسپانوی ٹینس لیجنڈکارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز کے پانچ گھنٹے اور 29 منٹ تک جاری رہنے والے میراتھن پانچ سٹوں کے مقابلے میں دنیا کے نمبر ایک اٹلی کے جینیک سنرکو شکست دے کر اپنا فرنچ اوپن خطاب برقرار رکھا۔ رولینڈ گیروس کی تاریخ کے طویل ترین مینز سنگلز فائنل میں کورٹ فلپ ۔ چیٹریئر پرکھیلے گئے فائنل میں22 سالہ الکاراز نے دنیا کے دو سرفہرست کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں دو سیٹس سے پیچھے رہنے کے بعد واپسی کی۔ جینک سنر نے پہلے دو سیٹوں میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور وہ خطاب سے صرف ایک سٹ دور تھے ۔ سخت میچ میں کوئی بھی کھلاڑی ہار ماننے کو تیار نہیں تھا جس کی وجہ سے تین سٹوں کا فیصلہ ٹائی بریکر کے ذریعے ہوا۔ اس سے قبل ہسپانوی کھلاڑی نے اپنے گراؤنڈ اسٹروک کو زیادہ جارحیت اور گرفت کے ساتھ مارا جس کی وجہ سے سنر بار بار بے آرامی محسوس کر رہے تھے اور ان کا توازن بگڑگیا۔ ابتدائی طور پر5-3 پر سرویس کرنے میں ناکام رہنے کے بعد الکاراز نے تیسرا سٹ جیت لیا۔ الکاراز چوتھے سٹ میں شکست کے دہانے پر تھے لیکن انہوں نے تین میچ پوائنٹ بچاکر میچ کو فیصلہ کن سٹ تک پہنچا دیا۔ انہوں نے یہ سٹ ٹائی بریکر میں7-6 سے جیت کر میچ برابر کردیا۔ الکاراز نے سنرکو 4-6، 6-7 (4-7)، 6-4، 7-6 (7-3)، 7-6 (10-2) سے شکست دے کر اپنا دوسرا فرنچ اوپن خطاب جیتا ۔ الکاراز کا یہ مجموعی طور پر پانچواں گرانڈ سلام ہے ۔