بیجنگ، یکم اکتوبر (آئی اے این ایس) اٹلی کے نوجوان اسٹار یانک سنر نے ایک بار پھر چائنا اوپن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ چہارشنبہکو کھیلے گئے فائنل میں انہوں نے امریکہ کے 19 سالہ ابھرتے ہوئے کھلاڑی لرنر ٹین کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔ سنر نے محض ایک گھنٹہ اور12 منٹ میں 6-2، 6-2 کی راست سٹوں کی فتح حاصل کی۔ ڈائمنڈ کورٹ پر کھیلے گئے فائنل میں سنر نے آغاز سے ہی دباؤ قائم کیا اور پہلے سیٹ میں دو بار ٹین کی سروس توڑ کر صرف 34 منٹ میں سیٹ اپنے نام کر لیا۔ یہ سنر کا مسلسل تیسرا چائنا اوپن فائنل تھا۔ سال 2023 میں انہوں نے ڈینیئل میدویدیف کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا، جبکہ گزشتہ برس انہیں کارلوس الکاراز کے خلاف فائنل میں شکست ہوئی تھی۔