سنسنی خیز سنڈے کو فیڈرر، کربر، شاراپووا، سلچ باہر

   

میلبورن۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن میں اتوار کا دن سنسنی خیز نتائج سے بھرپور رہا اور گزشتہ چمپئن سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر، دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی جرمنی کی انجلک کربر چھٹی سیڈ کروشیا کی مارن سلچ اور سابق چمپئن روس کی ماریہ شاراپووا چوتھے دور میں الٹ پھیر کا شکار ہو کر باہر ہو گئے ۔ان اپ سیٹ کے درمیان دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی ا سپین کے رافیل نڈال نے اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے جمہوریہ چیک کے ٹامس بیردچ کو 6-0 6-1 7-6 سے ناک آؤٹ کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔دن کے سب سے سنسنی خیز نتیجے میں 14 ویں سیڈ یونان کے اسٹیفانوس ستسپاس نے اپنے کیریئر کی سب سے بڑی فتح حاصل کرتے ہوئے 20 بار کے گرینڈ سلیم فاتح فیڈرر کو تین گھنٹے 45 منٹ کی جدوجہد میں 6-7، 7-6، 7-5، 7-6 سے شکست دے کر باہر کا راستہ دکھا دیا۔ اس ہار کے ساتھ فیڈرر کا آسٹریلین اوپن کا ریکارڈ ساتویں بار جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا۔تیسری سیڈ فیڈرر نے پہلے سیٹ کا ٹائی بریک 13-11 سے جیتا تھا۔ ستسپاس نے اسی سیٹ سے اپنے ارادے ظاہر کر دیے تھے ۔ ستسپاس نے دوسرے سیٹ کا ٹائی بریک 7-3 سے جیتا اور میچ میں برابری کر لی۔ یونانی کھلاڑی نے تیسرا سیٹ 7-5 سے جیت کر فیڈرر پر دباؤ بنا دیا انھوں نے چوتھے سیٹ ٹائی بریک 7-5 سے جیت کر سوئس ماسٹر کو چونکا دیا۔ ستسپاس کا کوارٹر فائنل میں اسپین کے رابرٹو بتستا اگت سے مقابلہ ہوگا۔ اگت نے بھی ایک الٹ پھیر کرتے ہوئے چھٹے سیڈ سلچ کو تین گھنٹے 58 منٹ میں 6-7، 6-3، 6-2، 4-6، 6-4 سے شکست دی۔دوسری سیڈ نڈال نے جمہوریہ چیک کے بیردچ کو دو گھنٹے پانچ منٹ میں 6-0 6-1 7-6 سے شکست دی۔ نڈال نے اس ٹورنامنٹ میں 11 ویں بار اور کل گرینڈ سلیم میں 37 ویں بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ کوارٹر فائنل میں نڈال کا مقابلہ امریکہ کے فرانسس تیافو سے ہوگا۔ تیافو نے پری کوارٹر فائنل میں 20 ویں سیڈ بلغاریہ کے گرگور دمتروو کو تین گھنٹے 39 منٹ میں 7-5 7-6 6-7 7-5 سے شکست دی۔اس دوران خواتین زمرے میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے 2008 کی چمپئن شاراپووا کو تین سیٹ تک چلے مقابلے میں شکست دی اور گزشتہ 10 سالوں میں آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی آسٹریلوی کھلاڑی بن گئیں۔ شاراپووا کے ساتھ دوسری سیڈ جرمنی کی انجلک کربر بھی الٹ پھیر کا شکار ہو کر باہر ہو گئیں۔2016 کی چمپئن، دوسری سیڈ اور دنیا کی نمبر دو کھلاڑی کربر کو 35 ویں رینک والی امریکی ڈینیل کولس نے باہر کر دیا۔ کولس نے یہ مقابلہ صرف 56 منٹ میں 6-0، 6-2 سے اپنے نام کیا۔بارٹی نے ماریا شاراپووا کو پری کوارٹر فائنل میں دو گھنٹے 22 منٹ میں 4-6 6-1 6-4 سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ بارٹی گزشتہ10سال میں اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی آسٹریلوی خاتون بن گئیں۔ یہ ان کا پہلا گرینڈ سلیم کوارٹر فائنل ہے ۔ آخری بار 2009 میں آسٹریلیا کی جیلینا ڈوکچ اس دور تک پہنچی تھیں۔ایک اور راؤنڈ 16 میچ میں جمہوریہ چیک کی پیترا کیوتووا نے امانڈا انسمووا کو صرف 59 منٹ میں 6-2، 6-1 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں کیوتووا کا مقابلہ ابھی بارٹي سے ہوگا۔ بارٹی عالمی رینکنگ میں 15 ویں اور کیوتووا چھٹے نمبر پر ہے ۔