سنسنی خیز مقابلہ،دو سوپر اوورز کے بعد افریقہ کامیاب

   

احمد آباد،11فروری (یواین آئی ) رواں ٹی 20 ورلڈکپ کے گروپ ڈی میں ایک ایسا میچ کھیلا گیا جسے برسوں یاد رکھا جائے گا۔ احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ نے شائقین کے دل کی دھڑکنیں تیزکردیں ۔جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان مقابلہ دو بار سوپر اوور میں داخل ہوا، جہاں بالآخر تجربہ کار جنوبی افریقی ٹیم نے افغانستان کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا مقام مضبوط کر لیا۔جب40 اوورز کی دو اننگزکے کھیل کے بعد بھی اسکور برابر رہا، تو فیصلہ سوپر اوورز میں ہوا۔پہلا سوپر اوور بھی سنسنی خیز انداز میں ختم ہوا جہاںدونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اور پہلے سوپر اوور میں دونوں ٹیموں نے فی کس17-17 رنز بنائے ، لیکن کوئی فاتح سامنے نہ آیا۔دوسرے سوپر اوور میں جنوبی افریقہ نے23 رنز بنائے ، جبکہ افغانستان کی ٹیم دو وکٹ پر19 رنز ہی بنا سکی۔ اس کارکردگی کے باعث جنوبی افریقہ نے اس دلچسپ میچ میں فتح حاصل کرلی۔ محمد نبی پہلی دوگیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو ئے ۔ رحمان اللہ گرباز نے کیشو مہاراج کو مسلسل 3 چھکے لگا کر میچ دوبارہ زندہ کردیا، لیکن آخری گیند پر مطلوبہ6 رنز بنانے میں ناکام رہے اور کیچ آؤٹ ہو ئے ۔اب افغانستان کو ٹورنمنٹ میں برقرار رہنے کیلئے نہ صرف اپنے باقی دونوں میچز بڑے فرق سے جیتنے ہوں گے ، بلکہ دوسری ٹیموں (نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ) کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورزمیں6 وکٹوں پر 187رنز بنائے ۔ کوئنٹن ڈی کاک (59) اور رایان ریکلٹن(61) کی 114رنز کی شراکت نے افغان بولروں کو بے بس کردیا تھا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم19.4 اوورز میں187 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئی اور میچ برابر رہا۔ رحمان اللہ گرباز نے42 گیندوں پر84 رنزکی جارحانہ اننگز کھیلی۔آخری لمحات میں نور احمد نے دو چھکوں سے اُمید جگائی، لیکن مجیب الرحمان کے رن آؤٹ نے افغانستان کی یقینی جیت کو برابری میں بدل دیا۔شکست کے باوجود افغانستان نے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی بڑی ٹیم کو پچھاڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عظمت اللہ عمرزئی کی3 وکٹیں اور راشد خان کی عمدہ کپتانی نے جنوبی افریقہ کو ہر قدم پر پریشان کردیا۔