سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا نے ہند سے کامیابی چھین لی

   

مکے ۔ آسٹریلیائی خاتون کرکٹ ٹیم نے اپنے ناقابل تخیر موقف کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ ہندوستان سے ایک یقینی کامیابی کو سنسنی اور ڈرامہ خیز اختتام کے بعد چھین لیا۔ آسٹریلیائی ٹیم جو کہ کامیاب کے لئے 275 رنز کا تعاقب کررہی تھی لیکن ایک موقع پر 52/4 کی نازک صورتحال سے پریشان تھی، لیکن اس موقع پر اوپنر بیتھ مونی اور تہلیہ مائیگراتھ نے پانچویں وکٹ کے لئے 126 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مقابلہ میں واپس لایا۔ ہندوستان کو آخری اوور میں بھی کامیابی کا موقع تھا کیونکہ آسٹریلیائی ٹیم کو 6 گیندوں میں 13 رنز بنانے تھے لیکن اس موقع پر تجربہ کار فاسٹ بولر جولن گو سوامی نے اس آخری اوور میں 2 نوبالس ڈالیں اور خاص کر کہ جب آسٹریلیا کو آخری گیند پر 3 رنز درکار تھے اس موقع پر فل ٹاس گیند ڈالی جس پر مڈ وکٹ پر کھلاڑی نے کیاچ بھی پکڑا لیکن یہ نو بال ہونے کی وجہ سے نہ صرف کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا بلکہ آسٹریلیا کے کھاتے میں ایک رن کا اضافہ بھی ہوا جس کے بعد کامیابی کے لئے آخری گیند پر دو رنز درکار تھے جسے مونی نے مکمل کرتے ہوئے ہندوستان کے منہ سے نہ صرف کامیابی چھین لی بلکہ رواں تین ونڈے مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری کے ساتھ ٹرافی پر قبضہ بھی کرلیا ہے۔ مونی نے ناقابل تسخیر 125 رنز اسکور کئے جس کے لئے انہوں نے 133 گیندوں کا سامنا کیا۔ مونی نے اپنی سنچری کے دوران 12 چوکے بھی لگائے۔ مونی کا نکولا کیری نے شاندار ساتھ دیا جیسا کہ انہوں نے 38 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 39 رنز اسکور کئے۔ مونی کو ان کی شاندار سنچری اور ایک سرے سے ٹیم کو کامیابی دلوانے والی اننگز پر مقابلہ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم جس نے دوسرے ونڈے میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز اسکور کئے تھے لیکن وہ اس اسکور کا کامیاب دفاع نہیں کر پائی۔ ہندوستان کے لئے بولروں کا ناقص مظاہرہ اعداد و شمار سے لگایا جاسکتا ہے جیسا کہ تجربہ کار بولر گوسوامی نے 8 اوورس میں 40 رنز دے کر صرف ایک وکٹ لی۔ انہوں نے اپنی بولنگ میں 3 وائیڈ اور 3 نو بالس بھی ڈالے، جبکہ 2 نو بالس تو آخری اوورس میں ڈالے گئے۔ میگھنا سنگھ نے 38 رنز، پوجا واسٹ راکر نے 43 رنز اور دیپتی شرما نے 60 رنز کے عوض صرف ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پونم یادو 6 اوورس میں 38 رنز اور راجیشوری گائیکواڈ نے 10 اوورس میں 49 رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔