سنسنی خیز کامیابی کے بعد اویس خان کا ماں کے ساتھ جذباتی منظر

   

جے پور : آئی پی ایل 2025 کا 36 واں میچ اس سیزن کے سب سے دلچسپ میچوں میں سے ایک ثابت ہوا۔ جے پور میں راجستھان رائلز اور لکھنؤ سوپر جائنٹس کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جس میں لکھنؤ نے صرف 2 رنزکے معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی ۔ اس میچ کے بعد ایسا نظارہ دیکھنے کو ملا جسے دیکھ کر کوئی بھی جذباتی ہو جائے۔ یہ ایک روتی ہوئی ماں کا اپنے بیٹے سے ملنے کا منظر تھا، جس نے کچھ ہی دیر قبل اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا تھا۔ یہ کھلاڑی فاسٹ بولر اویس خان تھے۔ جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں راجستھان رائلز کامیابی کی دہلیز پر تھی لیکن دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اویس خان نے اپنے آخری 2 اوورز میں میچ کا رخ بدل دیا۔ 18ویں اوور میں اویس نے یشسوی جیسوال اور ریان پراگ کی وکٹیں لیں۔ پھر 20ویں اوور میں جب راجستھان کو صرف 9 رنز کی ضرورت تھی، لکھنؤ کے فاسٹ بولر اویس نے ایک وکٹ لے کر صرف 6 رنز دے کر ٹیم کو یادگار جیت دلائی۔