ناگپور ۔ 5فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کہاکہ جو لوگ سنسکرت کو پسند کرتے ہیں انہیں چاہیئے کہ اس قدیم زبان کے تعلق سے سماج میں موجود غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں ۔ گڈکری رام ٹیک کے کوی کُلا گرو کالی داس سنسکرت وشواودیالیہ میں نیو اکیڈیمک کامپلکس اور گرو جی گولوالکر گروکلم کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھے ۔انہوں نے کہا کہ ایران اور جرمنی کے اپنے دورہ میں انہوں نے جانا کہ اُن ملکوں میںسنسکرت کس طرح مقبول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ایران نے انہیں واقف کرایا کہ فارسی زبان سنسکرت سے ہی آئی ہے ۔ جب وزیراعظم نریندر مودی اور میں تہران گئے تھے تب ہمیں تہران یونیورسٹی میں ’سنسکرت چیئر‘ کے تعلق سے بھی پتہ چلا ۔ نیز سنسکرت اور ایوروید پر جرمنی میں ہندوستان کے مقابل کہیں زیادہ ریسرچ ہورہی ہے ۔