ممبئی: آئی سی آئی سی آئی بینک اور آئی ٹی سی جیسے بڑی کمپنیوں میں زبردست خریداری کے باعث آج مسلسل دوسرے روز بھی شیئر بازار میں تیزی کا رجحان رہا اور سنسیکس اور نفٹی ایک ہفتہ کی بلند ترین سطح پر بند ہوئے ۔ابتدائی اتار چڑھاؤ کے بعد، بی ایس ای کا سنسیکس 138.59 پوائنٹس یعنی 0.26 فیصد کے اضافے سے 52,975.80 پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی 32 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 15856.05 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ یہ 16 جولائی کے بعد سے دونوں انڈیکس کی اعلی ترین سطح ہے ۔کاروبار کے دوران سنسیکس طویل وقفے تک 53 ہزار پوائنٹس سے اوپر رہا، لیکن بعد میں وہ اس سطح پر قائم نہیں رہ سکا۔چھوٹی کمپنیوں میں بھی خریداری رہی جبکہ میڈیم کمپنیوں کا انڈیکس ٹوٹ گیا۔ بی ایس ای کا اسمال کیپ 0.11 فیصد اضافے کے ساتھ 26425.91 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مڈ کیپ 0.07 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 23,021.14 پوائنٹس پر بند ہوا۔