سنم چیرو تالاب کی فوری صفائی کا حکومت سے مطالبہ

   

گندگی اور مچھروں کی کثرت سے وبائی امراض کا اندیشہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی ( سیاست نیوز ) ۔ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی بلدی ڈیویژن اللہ پور (116) میں موجود قدیم سُنم چیرو تالاب ہے اس تالاب کو منی ٹینک بنڈ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جو ابھی تک مکمل ہو نہیں پایا ہے یہاں قابل ذکر بات یہ ہیکہ سُنم چیرو تالاب کے اطراف و اکناف کافی بلند عمارتیں تعمیر ہوچکی ہیں ان تمام عمارتوں کا گندہ پانی اسی تالاب میں جمع ہو کر گندگی پیدا کررہا ہے جس کی وجہ سے مچھروں کی کثرت اور وبائی امراض کے خدشات بڑھ جایا کرتے ہیں ۔ اس طرح کورونا کا ڈر خوف دوسری طرف گندگی ، مچھروں کی وجہ سے عوام کا یہاں رہنا مشکل ہوگیا ہے ۔ رکن اسمبلی اور وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی راماراو نے اس تالاب کو منی ٹینک بنڈ بنانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ہدایت دی تھی ۔ فوری طور پر اس تالاب کی حصار بندی اور صفائی کی جائے لیکن حصار بندی تب کی گئی جب تک آدھے سے زیادہ تالاب پر قبضہ ہوچکا ہے باقی جو تالاب موجود ہے اس میں جنگلی بیل ، جھاڑی پیدا ہونے سے کافی گندگی ہوچکی ہے مقامی عوام نے کئی مرتبہ اس جانب رکن اسمبلی ، کارپوریٹر اور بلدی عہدیداروں کو توجہ دلائی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ اب وزیر بلدی نظم و نسق کو ہی اس جانب توجہ دینی ہوگی اور وہ فوری بلدیہ کے اعلی عہدیداروں کو ہدایت دیں کہ فوری تالاب کی صفائی کریں اور عوام کو گندگی اور مچھروں سے راحت ہوسکے کہیں ایسا نہ ہو کہ کورونا وائرس اور مچھروں کی کثرت سے عوام کو اور کوئی نہیں بیماریوں کے سامنا کرنہ پڑیں ۔